سری لنکا کے خلاف اننگز غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کرتا ہوں، محمد رضوان

اپ ڈیٹ 12 اکتوبر 2023
محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان نے سری لنکا کے خلاف 131 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے بلے باز محمد رضوان نے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف شان دار فتح گر اننگز غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کر دی۔

سری لنکا کے خلاف فتح کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں 31سالہ محمد رضوان نے کہا کہ یہ کامیابی غزہ میں اپنے بہن بھائیوں کے نام کرتے ہیں اور میں فتح میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم بالخصوص عبداللہ شفیق اور حسن علی کو جاتا ہے جنہوں نے ہمارے لیے اس فتح کو آسان بنا دیا۔

رضوان کے ٹوئٹر پر 16 لاکھ فالوورز ہیں اور ان کی اس پوسٹ کو 57 لاکھ افراد نے دیکھا۔

محمد رضوان نے شان دار میزبانی اور گراؤنڈ میں سپورٹ کرنے پر حیدرآباد دکن کے عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں کوشل مینڈس اور سدیرا سماراوکراما کی سنچریوں کی بدولت 344 رنز بنا کر پاکستان کو فتح کے حصول کے لیے 345 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں امام الحق اور بابر اعظم کی وکٹیں جلد گرنے کے باوجود پاکستان نے عبداللہ اور رضوان کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور سنچریوں کی مدد سے 10 گیندیں قبل ہی ہدف عبور کر لیا۔

پاکستان نے ورلڈ کپ میں دوسری فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ میں سب سے بڑے ہدف کے تعاقب کا نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔

جہاں ایک طرف رضوان نے غزہ کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا، وہیں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مشکل وقت میں اسرائیل کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے۔

محمد رضوان کے اس بیان کو چند حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

بھارتی مصنف اور کالم نگار راجدیپ سردیسائی نے کہا کہ کیا محمد رضوان کو میچ وننگ اننگز ان تمام نہ لڑنے والوں کے نام نہیں کرنا چاہیے تھا جو غزہ اور اسرائیل میں مارے گئے ہیں، انسانیت سب سے بڑھ کر ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کے سیاسی بیانات دینے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے البتہ میدان سے باہر کھلاڑی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر آزادی سے اظہار رائے کر سکتے ہیں۔

2014 میں آئی سی سی نے میدان میں ’سیو غزہ‘ اور ’فری فلسطین‘ کے بینڈ پہننے پر انگلینڈ کے مشہور آل راؤنڈر معین علی پر پابندی عائد کردی تھی۔

اسی طرح 2019 کے ورلڈ کپ میں بھارتی وکٹ کیپر اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو آسٹریلیا نے متنازع لوگو کا حامل گلوز پہننے پر تنبیہ کی تھی اور لوگو ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں