فواد خان نے ’ابیر گلال‘ میں کام کرنے کا سبب بتا دیا

شائع April 23, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

جلد ہی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ میں نظر آنے والے فواد خان نے پہلی بار دوبارہ بھارتی فلموں میں کام کرنے پر خاموشی توڑ دی۔

ساتھ ہی پاکستانی سپر اسٹار نے بھارت کی ساتھی اداکاراؤں کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا تمام بولی وڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کا تجربہ اچھا رہا۔

فواد خان ان دنوں اپنی آنے والی بولی وڈ فلم ’ابیر گلال‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، انہوں نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں فلم کی میوزک لانچ کی تقریب میں شرکت کی۔

دبئی میں انہوں نے ’نکتا‘ سے بھی بات کی، جس دوران انہوں نے ساتھی بولی وڈ اداکاراؤں کی تعریفیں بھی کیں اور تمام اداکاراؤں کے لیے تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

پاکستانی اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی منصوبے میں کام کرنے کا انتخاب کرتے وقت اسکرپٹ ضرور دیکھتے ہیں، تاہم انہوں نے اچھی فلموں کی پیش کش کو اپنی خوش قسمتی قرار دیا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد خان نے بتایا کہ ’ابیر گلال‘ میں کام کرنے کا انتخاب انہوں نے اس کی کہانی اور موضوع کو دیکھ کر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ کچھ عرصے میں انہوں نے ’دی لیجنڈز آف مولا جٹ‘ اور ’برزخ‘ جیسی ڈرامائی اور ایکشن فلموں اور ویب سیریز میں کام کیا، اس لیے انہوں نے ’ابیر گلال‘ کا انتخاب کیا۔

فواد خان کے مطابق ان کی پہچان سنجیدہ اور رومانوی کردار ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بولی وڈ فلم کا انتخاب کیا۔

پاکستانی اداکار نے انٹرویو کے دوران سونم کپور، عالیہ بھٹ، انوشکا شرما اور وانی کپور کی تعریفیں کرتے ہوئے انہیں اچھی دل کی شخصیات قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عالیہ بھٹ اور انوشکا شرما انرجٹک ہیں جب کہ وانی کپور اور سونم کپور نیچرل اداکارائیں ہیں۔

فواد خان کے مطابق انہوں نےجن بولی وڈ اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا، وہ تمام ہی ٹیلنٹڈ تھیں، تاہم ان سب کی اچھی بات یہ تھی کہ وہ دل کی بہت اچھی تھیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے عاطف اسلم کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ ملٹی ٹیلنٹڈ ہیں۔

انہوں نےعاطف اسلم کو فخر پاکستان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنا ان کی خوش قسمتی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 11 جون 2025
کارٹون : 10 جون 2025