’آؤ تمہیں چائے پلاتا ہوں‘، آفریدی کا بھارتی کرکٹر کو کرارا جواب

شائع April 29, 2025
— فوٹو: شاہد آفریدی / ایکس
— فوٹو: شاہد آفریدی / ایکس

قومی ٹیم کے سابق کپتان کی جانب سے پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر دیے گئے بیان نے بھارتیوں کو سیخ پا کردیا، بھارتی کرکٹر نے سوشل میڈیا پر سابق کرکٹر کو جواب دیا تو شاہد آفریدی نے بھی جوابی وار کردیا۔

قومی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر نے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد مودی سرکار اور بھارتی فوج کو آڑے ہاتھوں لیا تھا۔

شاہد آفریدی نے لاہور میں گفتگو کے دوران کہا تھا کہ دنیا کا کوئی مذہب دہشتگردی کی حمایت نہیں کرتا لیکن بھارت نے پہلگام حملے کا الزام بغیر ثبوت کے پاکستان پر لگادیا، حملے کے کچھ دیر بعد ہی پاکستان کا نام لے لیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے پر نظر ڈالیں تو صرف ڈرامہ نظر آتا ہے، تم لوگوں کی 8 لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں بیٹھی ہے اور یہ واقعہ ہوگیا، اس کا مطلب یہ ہوا کہ نالائق اور نکمے ہیں جو اپنے لوگوں کو سیکیورٹی نہیں دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں لیکن وہاں سے ہمیشہ منفی جواب ملا، یہ لوگ خود ہی اپنے بندوں کو مروادیتے ہیں اور پھر ان کی ویڈیوز دکھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ بھارت میں پٹاخا بھی پھٹ جائے تو الزام پاکستان پر دھردیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہد آفریدی پاک فوج کی وردی پہن کر واہگہ بارڈر پر گئے تھے، انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر اسٹوری بھی شیئر کی جس میں وہ واہگہ بارڈر پر پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ بیٹھے نظر آ رہے ہیں۔

اس موقع پر سما ٹی وی کے اینکر ندیم ملک سے خصوصی گفتگو میں آفریدی نے بھارت کو واضح کیا کہ اسلام امن کا نام ہے اور ہم امن پسند اور پیار محبت والے لوگ ہیں، عزت سے ہمارے گھر آو گے تو عزت دیں گے اور چائے بھی پلائیں گے، ہمیں بدمعاشی نہ دکھاؤ۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پانی بند کر کے اپنا نقصان ہی کرنا ہے، آپ کے مہمانوں کو چائے کون بنا کر دے گا، اور اگر ہمیں بدمعاشی دکھائی تو ہماری تاریخ اور کلچر طاقت رہ چکی ہے، اسی طرح جواب ملے گا۔

بعد ازاں، شاہد آفریدی کا بیان بھارتی میڈیا سمیت کھلاڑیوں سے بھی ہضم نہ ہوا اور سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے ’ایکس‘ پر آفریدی کو جواب دیا۔

شیکھر دھون کا کہنا تھا ’کارگل میں بھی ہرایا تھا، پہلے اتنا گرے ہوئے ہو اور کتنا گروگے، بلاوجہ کمنٹس کرنے سے بہتر ہے اپنے ملک کی ترقی میں دماغ لگاو، ہمیں ہماری بھارتی آرمی پر فخر ہے‘۔

شاہد آفریدی نے انہیں جواب دیا ’چھوڑو جیت ہار کو، آو تمہیں چائے پلاتا ہوں، شیکھر‘۔

دوسری جانب، پاکستان سے عزت اور شہرت ملنے کے بعد فکسنگ کے الزام میں پابندی کا سامنا کرنے والے سابق کرکٹر دانش کنیریا بھی اس معاملے میں کود پڑے۔

پاکستان کے خلاف اکثر زہر اگلنے والے دانش کنیریا نے لکھا’ ہندوؤں کے ساتھ بیٹھنے اور کھانے سے انکار کرنے والا آج کیسے چائے کی دعوت دے رہا ہے’۔

واضح رہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت نے بے جا الزام تراشی اور اشتعال انگیزی کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو 30 اپریل 2025 تک بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے بہترین سفارتی حکمت عملی کو اختیار کیا، اور بھارت کے سفارتی عملے کو بھی 30 افراد تک محدود کر دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 جون 2025
کارٹون : 21 جون 2025