وفاقی بجٹ میں پراپرٹی اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویز
وفاقی بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس کم کرنے کی تجویز سامنے آگئی، پراپرٹی اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے لیے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) ختم کرنے، بلڈرز اور ڈیولپرز کی رجسٹریشن شروع کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر پر ٹیکس کم کرنے کی تجویز ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات کی تجویز بھی دی گئی ہے، پراپرٹی ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی ردوبدل کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے پراپرٹی پر ایف ای ڈی ختم کرنے پر غور کیا جائے گا، سمندر پار پاکستانیوں کو تعمیراتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مراعات کی تجویز دی گئی ہے۔
سمندر پارپاکستانیوں کے لیے پراپرٹی پر ایف ای ڈی ختم کرنے، پراپرٹی کی خریداری پر لیٹ، نان فائلرز کے لیے ایکسائز ڈیوٹی میں ردوبدل کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
بجٹ میں پراپرٹی ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس میں بھی ردوبدل کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ان تجاویز کو منظور کرلیا گیا تو پراپرٹی سیکٹر میں ایک بار پھر سرمایہ کاری میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کی ابتدا میں معاشی تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈیولپمنٹ نے پراپرٹی سیکٹر کی بحالی کی سفارشات پیش کی تھیں، حکومت کوبجٹ میں ٹرانزیکشن ٹیکسزکا بوجھ 2 سے ڈھائی فیصد کرنےکی تجویز دی گئی تھی۔
تھنک ٹینک نے اپنی سفارشات میں کہا تھا کہ بجٹ میں جائیداد کی فروخت پر ٹیکسز 1.5 سے 2 فیصد کیےجائیں، اس وقت جائیداد کی فروخت پر ٹیکسز کی شرح 3 سے 4 فیصد ہے، جائیداد کی خریداری پر ٹیکسز ختم کیے جائیں تاکہ اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
تھنک ٹینک نے قرار دیا تھا کہ تعمیرات کے شعبے پر ایڈوانس اور سیلز ٹیکس ختم کیا جائے اور ریئل اسٹیٹ سیکٹر کی بحالی کے سیکشن 7 ای کو آسان کیا جائے، جب کہ دوسرے شیڈول میں سیکشن 9 اے کو بحال کیا جائے۔