وزیراعظم سے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفرا کی ملاقاتیں، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر غور
وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی عرب، قطر اور چین کے سفرا نے ملاقاتیں کی ہیں، جن میں مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر غور کیا گیا، وزیراعظم نے خطے مین قیام امن کے لیے قطر اور سعودی عرب کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے قطر کے سفیر علی مبارک سے ملاقات میں گزشتہ رات ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں پر گفتگو کی اور قطری عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان نے ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری پر زور دیا ہے، مشرق وسطیٰ میں امن کا راستہ بھی صرف مذاکرات اور سفارت کاری میں ہے۔
ان سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی میں تیزی سے بدلتی صورتحال پر غور کیا۔
وزیراعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، سعودی عرب کے برادر عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے بھی ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور چینی وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، آئندہ ایس سی اوسربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
چینی سفیر سے گفتگو شہباز شریف نے واضح کیا کہ سی پیک منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں، وزیراعظم نے چین کی جانب سے مالی اور اقتصادی مدد کے لیے پاکستان کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے چین کی تعریف کی۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص ایران-اسرائیل تنازع میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، چینی سفیر نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے بحران کے پرامن حل کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت ہر سفارتی فورم پر پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔












لائیو ٹی وی