کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی میں پُرامن طور پر اختتام پذیر
ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں 9 محرم الحرام انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، شہر شہر ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کراچی کا مرکزی جلوس سخت سیکیورٹی میں پُرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
شہر میں مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل دوپہر 12 بج کر 15 منٹ نشترپارک میں مجلس کا آغاز ہوا، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ دوپہر ایک بجے مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، شرکا نے ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کی، جس کا اہتمام امایہ اسٹوڈنٹس ارگنائزیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔
نماز ظہرین کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، ڈینسو ہال سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔
9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی کے لیے شہر قائد کے مختلف مقامات پر پولیس کے مجموعی طور پر 7 ہزار 507 افسران و جوانوں نے فرائض انجام دیے۔
اس دوران پولیس کے ماہر اسنائپرز مرکزی جلوس کے اطراف اور گزرگاہوں پر تعینات رہے۔
اسلام آباد، لاہور, پشاور اور کوئٹہ میں بھی 9 محرم الحرام کے مناسبت سے نکالے گئے جلوسامن طور پر اختتام پذیر ہوگئے۔
لاہور میں 9 محرم کا جلوس
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈواسٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس برآمد ہوا، شہر لاہور میں ایک لاکھ47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سیکیورٹی پر مامور کیے گئے۔
لاہورمیں اسلام پورہ سے برآمد ہونیوالا 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس روایتی راستوں سےگزرا، شادمان، نکلسن روڈ، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف علاقوں میں بھی جلوس اور مجالس منعقد ہوئیں، شرکا نے سراج بلڈنگ چوک پر نماز ظہرین ادا کی، جلوس کے روٹس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ کو 9 محرم کی اسپیشل سیکیورٹی ہدایات جاری کی گئی ہیں، ڈولفن و پی آر یو کی ٹیمیوں نے شفٹ وائز پٹرولنگ کے فرائض سر انجام دیئے۔
قبل ازیں، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ڈولفن ارسلان زاہد نے کہا کہ ڈولفن و پی آر یو عاشورہ میں راؤنڈ دی کلاک پٹرولنگ پر ہوں گی، ٹیمیں امام بارگاہوں و دیگر مجالس ہائے اور حساس مقامات پر بھی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈولفن اسکواڈ ہمہ وقت 1122، فائر بریگیڈ، ریسکیو 15 و دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے، مختلف مقامات و امام بارگاہوں پر بالخصوص خواتین و بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔
پشاور میں 9 محرم کا مرکزی جلوس اختتام پذیر
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں نویں محرم الحرام کے موقع پر صدر حسینیہ ہال سے جلوس برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا پر امن انداز میں اختتام پذیر ہوگیا۔
پشاور میں نکالے گئے 9 محرم کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، اس دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
پشاور میں مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بار گاہ حسینیہ ہال پر اختتام کو پہنچا۔
کوئٹہ میں جلوس اختتام پذیر
کوئٹہ میں نویں محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا میکانگی روڈ سے برآمد ہوا۔
جلوس روایتی جلوس اپنے مختصر روایتی راستوں عثمان روڈ سے ہوکر واپس امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے لیے شہر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ۔
اسی طرح اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس جی سکس امام بارگاہ اثنا عشری سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا رات گئے اسی امام بارگاہ پر ختم ہوگیا۔
دنیا بھر میں جلوسوں کا سلسلہ جاری
دنیا کا گوشہ گوشہ لبیک یاحسین کی صداؤں سے گونج اٹھا ہے، کربلا کی فضا پرسوگ طاری اور ہرسو عزاداری جاری ہے۔
عراق میں دنیا بھر سے آئے عزادار میدان کربلا میں امام حسین اور ان کے رفقا پر ڈھائے جانے والے مظالم کا غم منارہے ہیں، ایران میں بھی مجالس غم برپا ہے اور عزادار نوحہ و ماتم کر کے نواسہ رسول اور اہل بیت کے مصائب کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں۔
سری نگر میں سوگوار عزاداروں نے نویں محرم کے جلوس میں سینہ زنی و نوحہ خوانی کرکے حضرت امام حسین اور ان کے جان نثار ساتھیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، فلسطین کی آزادی کے لیے بھی دعا کی گئی۔
بحرین اور فلپائن میں بھی حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقا کی لازوال قربانیوں کی یاد میں جلوس عزا نکالے گئے۔
یورپی ممالک میں بھی عزاداران حسین کی جانب سے ماتمی جلوس نکالے گئے۔