جنرل ساحر شمشاد مرزا کی استنبول میں بین الاقوامی دفاعی نمائش میں شرکت
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے استنبول میں منعقد ہونے والی 17ویں بین الاقوامی دفاعی صنعت نمائش ( آئی ڈی ایف) میں شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ترکیہ کے وزیر قومی دفاع جنرل (ر) یاسر گلر، آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو، آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع مسٹر قربانوف آگیل سلیم اوغلو، اور ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل متین گورک سے علیٰحدہ علیٰحدہ ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں معزز شخصیات نے دو طرفہ عسکری تعاون سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا، خاص طور پر دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
ملاقاتوں میں فریقین نے مستقبل کے جیو اسٹریٹجک حالات اور تکنیکی پیش رفت کے مطابق اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق معزز شخصیات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، عملی صلاحیت اور قربانیوں کو سراہا اور علاقائی و عالمی امن و استحکام میں ان کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق آئی ڈی ایف دنیا بھر میں دفاعی شعبے میں جدید ترین ایجادات اور پیش رفت کو اجاگر کرنے والا ایک ممتاز عالمی ایونٹ ہے۔












لائیو ٹی وی