• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

غزہ میں غذائی قلت حقیقت ہے، امدادی مراکز قائم کریں گے، ٹرمپ

شائع July 28, 2025
فوٹو: اسکرین شاٹ، ڈان نیوز
فوٹو: اسکرین شاٹ، ڈان نیوز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں غذائی قلت حقیقت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا، غزہ میں امدادی مراکز قائم کریں گے، ایران نے پھر جوہری پروگرام شروع کیا تو اسے فوری مٹا دیں گے۔

اسکاٹ لینڈ میں برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم سے غزہ کے مسئلے پر بات ہوئی، حماس کے ساتھ مذاکرات اور غزہ جنگ بندی مذاکرات میں مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں غذائی قلت حقیقت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا، غزہ کے حالات کئی دہائیوں سے خراب ہیں،ہم نے60 ملین ڈالرغزہ میں خوراک کے لیے فراہم کیے، امید ہے خوراک ضرورت مند لوگوں تک پہنچےگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ ہمیں غزہ میں انسانی ضروریات کا خیال رکھنا ہوگا، ہم غزہ کے لوگوں کی انسانی بنیادوں پر مددکر رہے ہیں، غزہ میں لوگوں کو خوراک نہ ملنا حیران کن ہے، لوگوں کو رکاوٹوں کی وجہ سے خوراک نہیں مل پا رہی۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل پر امداد کی فراہمی کے لیے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وہ غزہ میں امداد کی فراہمی میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ نیتن یاہو سے بات جاری ہے ہم کئی منصوبے بنارہے ہیں، غزہ میں امدادی مراکز قائم کریں گے۔

ایران کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران نے پھر جوہری پروگرام شروع کیا تو اسے فوری مٹادیں گے، ایران کی طرف سے اچھے اشارے نہیں مل رہے۔

پاک-بھارت جنگ کے حوالے سے ایک بار پھر انہوں نے لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ رکوائی۔

غزہ میں بھوک سے بلکتے بچوں کے مناظر دل دہلانے والے ہیں، برطانوی وزیراعظم

دریں اثنا، برطانوی وزیراعظم کیئراسٹارمر نے کہا کہ غزہ میں بھوک سے بلکتے بچوں کے مناظر دل دہلانے والے ہیں، امدادی ٹرکوں کو داخلے کی اجازت دی جائے، انہوں نے کہا کہ ہم نے امداد کی فراہمی کے لیے لائحہ عمل پر بات کی ہے۔

کیئراسٹارمر نے کہا کہ ہم غزہ میں جنگ بندی تک پہنچنا چاہتے ہیں، حماس کا مستقبل کی حکومت میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ آج بھوک سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 14 ہوگئی، صہیونی دہشت گردی کے نتیجے میں امداد کے متلاشی 8 افراد سمیت مزید 41 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔

الجزیرہ عربی کے مطابق غزہ سٹی کے الشفا ہسپتال کے ایک ذرائع نے بتایا ہے کہ نومولود محمد ابراہیم عدس غذائی قلت اور دودھ کی متبادل خوراک کی شدید کمی کے باعث شہید ہو گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025