خیرپور: سڑک کنارے سوئے پانچ مزدوروں کو ٹرالر نے کچل دیا
خیرپور میں سڑک کے کنارے سوئے ہوئے مزدوروں کر ٹرالر نے کچل دیا، چار مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔
خیرپور میں بابرلوی بائی پاس کے قریب ناصر علی شاہ چوک پر آج صبح تقریباً 3:45 بجے کنٹینروں سے لدے تیز رفتار ٹرالر نے سڑک کنارے سونے والے مزدوروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں چار مزدور جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔
موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق، پانچ مزدور سڑک کے کنارے سو رہے تھے جب یہ حادثہ پیش آیا۔
حادثے کے نتیجے میں تین مزدور، گل محمد مگنھار، دیدار مگنھار، اور وزیر مگنھار موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ دو دیگر مزدور صدورو مگنھار اور ظفر مگنھار شدید زخمی ہو گئے۔
ٹرالر کا ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ پولیس نے پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے لیا۔
لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر خیرپور سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمی مزدوروں کو طبی امداد دی گئی، بعد ازاں زخمی مزدور ظفر مگنھار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا، جبکہ صدورو مگنھار سول ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام مزدور ضلع شکارپور کے علاقے وزیرآباد کے رہائشی تھے۔
پولیس نے بتایا کہ میڈیکو لیگل کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
مقامی افراد نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ مزدور ہر سال کی طرح اس بار بھی کھجور کے باغات میں مزدوری کے لیے خیرپور آئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ مزدور معمول کے مطابق دن بھر کام کرنے کے بعد سڑک کنارے سو رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔












لائیو ٹی وی