اقوام متحدہ کی قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے سالانہ 10 کھرب ڈالر کے مالی خلا کی نشاندہی

شائع September 29, 2025
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

دنیا کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کا نصف سے زیادہ جو 2023 میں 58 کھرب ڈالر کے لگ بھگ تھا، قدرت پر براہِ راست یا بالواسطہ انحصار کرتا ہے، لیکن اقوام متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ تحفظِ ماحول کے لیے مالی خلا سالانہ 3 سے 10 کھرب ڈالر تک ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحفظ پر صرف 200 ارب ڈالر سالانہ خرچ کیے جا رہے ہیں، جو عالمی جی ڈی پی کا ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

اقوام متحدہ کے محکمہ برائے اقتصادی و سماجی امور (یو این-ڈیسا) کی جانب سے جاری تیسری عالمی رپورٹ ’موسمیات اور پائیدار ترقی کے اہداف کی ہم آہنگی، فوائد کا تخمینہ‘ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ہم آہنگ اقدامات ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

رپورٹ کہتی ہے کہ چونکہ پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) اور موسمیاتی اقدامات کے لیے سالانہ مالی خلا کھربوں ڈالر میں ہے، اس لیے ’ہم آہنگ عمل کوئی اختیار نہیں بلکہ سب سے موثر اور نتیجہ خیز راستہ ہے‘۔

نتائج کے مطابق موسمیاتی اور پائیدار ترقی پر مشترکہ طور پر عمل کرنے سے تقریباً 40 فیصد زیادہ کارکردگی حاصل کی جا سکتی ہے، جس سے وسائل میں بچت اور فوائد میں اضافہ ہوگا۔

ماہرین کے آزاد گروپ برائے موسمیات اور ایس ڈی جیز کی تیار کردہ رپورٹ کہتی ہے کہ پانی، خوراک، صحت اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایس ڈی جیز کے حصول کے لیے کم از کم 4 کھرب ڈالر سالانہ اضافی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہر سال کم از کم 500 ارب ڈالر مزید درکار ہوں گے، رپورٹ میں یہ بھی انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر حیاتیاتی تنوع کے نقصان سے نمٹنے میں تاخیر کی گئی تو اس پر ہونے والا خرچ دہائی بھر میں دوگنا ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کہتی ہے کہ ’1.5 درجہ سینٹی گریڈ اور 2 درجہ سینٹی گریڈ عالمی حدت کے درمیان موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی لاگت دگنی ہو سکتی ہے اور 2 اور 3 درجہ سینٹی گریڈ کے درمیان یہ ایک بار پھر دگنی ہو جائے گی، جس سے کئی شعبے شدید متاثر ہوں گے‘، تجزیہ دونوں ایجنڈوں کے گہرے تعلق کو اجاگر کرتا ہے اور واضح کرتا ہے کہ ایس ڈی جیز کے 80 فیصد سے زیادہ اہداف براہِ راست موسمیاتی تبدیلی کے مسائل سے جڑے ہوئے ہیں۔

تخمینے ظاہر کرتے ہیں کہ موسمیات اور انسانی ترقی پر بیک وقت عمل کرنے سے حکومت کے اخراجات میں 37 فیصد تک زیادہ کارکردگی حاصل کی جا سکتی ہے، بہ نسبت اس کے کہ انہیں الگ الگ انجام دیا جائے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2025
کارٹون : 3 دسمبر 2025