غلط پیش کش قبول نہ کرنے پر آفتاب اقبال نے شو سے نکال دیا تھا، ایشال عدنان
ٹی وی میزبان ایشال عدنان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں غلط پیش کش قبول نہ کرنے اور صاف جواب دینے پر معروف میزبان و کالم نگار آفتاب اقبال نے انہیں تیسرے ہی دن ٹی وی شو سے نکال دیا تھا۔
ایشال عدنان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے کیریئر کے آغاز میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا۔
انہوں نے کیریئر کے آغاز کا ایک واقعہ بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں معروف میزبان آفتاب اقبال نے نہ صرف جنسی طور پر ہراساں کیا بلکہ انہیں شو سے ہی نکال دیا۔
ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب آفتاب اقبال ایکسپریس ٹی وی پر پروگرام کرتے تھے، اس وقت انہیں ٹی وی چینل نے بطور شریک میزبان ملازمت پر رکھا اور ان کے بینرز اور ٹیزر بھی ریلیز کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ان سے قبل کسی اور لڑکی کو شریک میزبان کے طور پر رکھا جانا تھا لیکن ان کے نہ آںے پر انہیں رکھا گیا لیکن ملازمت کے تیسرے دن ہی ان کے ساتھ نامناسب واقعہ پیش آیا۔
ایشال عدنان نے الزام عائد کیا کہ ملازمت کے تیسرے دن ہی آفتاب اقبال نے انہیں نامناسب پیش کش کرنا شروع کردیں، جس پر انہیں تعجب بھی ہوا لیکن ساتھ ہی انہوں نے سینئر ٹی وی میزبان کو کھری کھری سنائیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے انکار کے بعد آفتاب اقبال کو غصہ آیا اور انہوں نے انہیں براہ راست دھمکیاں دینا شروع کردیں کہ وہ انہیں شو سے نکال دیں گے اور اسکرین پر نہیں آنے دیں گے۔
ٹی وی میزبان کے مطابق انہوں نے آفتاب اقبال کو کہا کہ وہ ان کے آگے بچی ہیں، وہ ان کی بہت عزت کرتی ہیں اور یہ کہ سینئر اینکر کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔
ایشال عدنان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آفتاب اقبال کو کہا کہ انہیں جو کرنا ہے کرلیں، وہ ان کی آفرز قبول نہیں کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں آفتاب اقبال نے انہیں شو سے نکال دیا، انہیں بطور شریک میزبان پروگرام میں شامل نہیں کیا اور ان کی اس بات کے دیگر افراد بھی گواہ ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے ٹی وی چینل کے ہیومن ریسورس (ایچ آر) ڈیپارٹمنٹ کو ای میل کرکے صورتحال سے آگاہ کیا اور ان کی شکایت پر چینل کے مالک نے بھی نوٹس لیا، انہوں نے ان کی دلیری کی تعریفیں کیں۔
ایشال عدنان کے مطابق ٹی وی چینل مالک نے کہا کہ آفتاب اقبال بزنس لا رہا ہے، اس لیے انہیں نہیں نکالا جا سکتا لیکن شکایت کرنے والی لڑکی کو بھی نہیں نکالا جائے گا، وہ باہمت لڑکی ہیں۔
پروگرام کے دوران ٹی وی میزبان نے مسکراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اب آفتاب اقبال بہتر شخص بن چکے ہیں اور وہ اچھے شخص ہیں، وہ ان کی عزت کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ ہراسانی کے واقعے کے بعد بھی آفتاب اقبال کا ایک تنازع سامنے آیا تھا اور اس وقت انہوں نے انہیں تنگ کرنے کے لیے فون بھی کیا تھا لیکن آفتاب اقبال نے ان کی کال کاٹ دی تھی۔
ایشال عدنان کے مطابق آفتاب اقبال کو چار بیٹیاں اور بیٹا بھی ہے، انہوں نے اپنی غلطیوں سے سیکھا اور یہ اچھی بات ہے۔
ایشال عدنان سے قبل بھی متعدد افراد آفتاب اقبال کے نامناسب رویے کی شکایت کر چکے ہیں جب کہ ان پر شو کی ایک شریک میزبان سے کئی سال تک شادی کو خفیہ رکھنے کا الزام بھی لگایا گیاجو بعد ازاں منظر عام پر آئی۔












لائیو ٹی وی