پاکستان اور کویت کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے دوسرے قرض پروگرام پر دستخط
پاکستان اور کویت فنڈ فار اکنامک ڈیولپمنٹ (کے ایف اے ای ڈی) کے درمیان مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے دوسرے قرض پروگرام پر دستخط ہوگئے، پاکستان کو ڈھائی کروڑ ڈالر ملیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دستخط کی یہ تقریب وزارت اقتصادی امور میں منعقد ہوئی، اس پروگرام کے تحت پاکستان کو 7.5 ملین کویتی دینار (2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر) ملیں گے۔
پاکستان کی جانب سے معاہدے پر سیکرہٹری وزارت اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کیے، اس تقریب میں کویتی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد حشام سمیت وزارت اقتصادی امور اور واپڈا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری وزارت اقتصادی امور نے کویتی حکومت اور کے ایف ای اے ڈی کا پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں مسلسل تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
حمیر کریم نے مزید کہا کہ یہ رعایتی مالی امداد پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات اور پائیدار شراکت کی عکاسی کرتی ہے، انہوں نے توانائی، پانی اور سماجی شعبے کے منصوبوں میں کویت فنڈ کی مالی معاونت کو سراہا جو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ مئی 2024 میں ہونے والے پاکستان-کویت مشترکہ وزارتی کمیشن کے پانچویں اجلاس کے دوران پاکستان نے کویت فنڈ سے مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے لیے کل 30 ملین کویتی دینار (10 کروڑ ڈالر) کے فنانسنگ معاہدے پر جلد دستخط کرنے کی درخواست کی تھی، جو چار مساوی قسطوں میں جاری کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق جون 2024 میں قرض کے پہلے معاہدے پر دستخط کے بعد آج دوسرے مرحلے کےلیے دستخط کیے گئے۔
سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے حکام کو بتایا کہ یہ منصوبہ آسانی سے آگے بڑھ رہا ہے اور دوسرے قرض کے تحت اس اہم منصوبے پر تعمیراتی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی، جس کا مقصد پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا، صاف توانائی پیدا کرنا، پشاور شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی اور پاکستان میں سیلاب پر قابو پانا ہے۔
انہوں نے قرض کے تیسرے معاہدے پر جلد دستخط کرنے پر بھی زور دیا اور کویت فنڈ کو پاکستان میں دیگر ترجیحی ترقیاتی منصوبوں کے لیے اضافی فنانسنگ پر غور کرنے کی دعوت دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کویتی سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن فہد ہشام نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے ترقیاتی اقدامات کے لیے کے ایف ای اے ڈی کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔












لائیو ٹی وی