پاک بحریہ نے جہاز شکن بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا
پاک بحریہ نے مقامی طور پر تیار کردہ بحری جہاز سے داغے جانے والے اینٹی شپ بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف نے کامیاب تجربہ پر سائنس دانوں کو مبارکباد دی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ہتھیار سمندر اور خشکی، دونوں پر موجود اہداف کو ’انتہائی درستگی‘ کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ نظام جدید رہنمائی کے آلات اور اعلیٰ درجے کی مانورنگ خصوصیات سے لیس ہے، فلائٹ ٹیسٹ کے مشاہدے میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، سینئر سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے کامیاب تجرباتی پرواز کو ‘پاکستان کی تکنیکی مہارت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان نیوی کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت‘ قرار دیا۔
بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل شمشاد مرزا اور سروس چیفس نے تجربے میں شریک یونٹس اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق 30 ستمبر کو پاکستان آرمی نے 750 کلومیٹر تک مار کرنے والے نئے شامل کردہ، مقامی طور پر تیار کردہ فتح-4 کروز میزائل کا تربیتی تجربہ کامیابی سے کیا تھا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ جدید ایویونکس اور جدید نیویگیشنل سسٹمز سے لیس یہ ہتھیار زمین کے ساتھ ساتھ پرواز کرنے کی خصوصیت کے باعث دشمن کے میزائل ڈیفنس سسٹم سے بچنے اور اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔












لائیو ٹی وی