لکی مروت میں نجی فیکٹری کی بس میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق
خیبرپختونخوا میں لکی مروت کے علاقے نواردہ خیل میں نجی فیکٹری کی بس پر دھماکے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق لکی مروت کے تھانہ لکی سٹی کی حدود میں سیمنٹ فیکٹری جانے والی بس پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔
ضلع پولیس کے ترجمان قدرت اللہ نے بتایا کہ سیمنٹ فیکٹری کے کارکنوں کو لے جانے والی گاڑی کو بگوخیل روڈ پر نواردہ خیل کے علاقے کے قریب فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے نشانہ بنایا۔
ریاست کی جانب سے فتنہ الخوارج کی اصطلاح کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تمام زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے تاہم بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والوں میں دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ دہشت گردوں کی ریکارڈ ہلاکتوں کے باوجود 2025 میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جہاں دہشت گرد حملوں میں سال بہ سال 34 فیصد جبکہ دہشت گردی سے متعلق ہلاکتوں میں 21 فیصد اضافہ ہوا۔ سال کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 699 دہشت گرد حملے ریکارڈ کیے گئے۔
اسلام آباد میں قائم پاک انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس تشدد کے نتیجے میں کم از کم ایک ہزار 34 افراد جاں بحق جبکہ 13 سو 66 افراد زخمی ہوئے، جو 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے جاری شدت پسندی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
اتوار کو خیبرپختونخوا کے اضلاع لکی مروت اور بنوں میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے تین اہلکاروں سمیت چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔











لائیو ٹی وی