توقع تھی کہ گیل یا وارنر ریکارڈ توڑیں گے، آفریدی
کراچی:پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنی تیز ترین ایک روزہ سنچری کے ریکارڈ توڑنے والے نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کورے اینڈرسن کی تعریف کی۔
اینڈرسن نے آفریدی کے سترہ سالہ پرانے ریکارڈ کو ایک گیند کے فرق سے توڑا۔
انہوں نے کوئنز ٹاؤن میں بدھ کے روز ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں صرف 36گیندوں پر تین ہندسوں کی اننگز مکمل کی۔
آفریدی نے صرف سولہ سال کی عمر میں سری لنکا کے خلاف اکتوبر1996ء نیروبی میں اپنے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے بدھ کی صبح سے قبل اینڈرسن کا نام کبھی نہیں سن رکھا تھا۔
انہوں نے اے ایف پی کو بتایا کہ 'میں نے کبھی ان کا نام نہیں سنا تھا اور علی الصبح میرے بھتیجے نے مجھے بتایا کہ آپ کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے اور میں نے کہا کہ 2014ء کی پہلی خبر میرے ریکارڈ ٹوٹنے کی ہے' ۔
'تاہم میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے اور اینڈرسن تمام تعریفوں کے مستحق ہیں'۔
ان کا مزید کہنا تھا :36گیندوں پر سنچری بنانے کے لئے بے حد کوشش درکار ہوتی ہے ، ریکارڈ بنتے ہی ٹوٹنے کے لئے ہیں اور میں جانتا ہوں کہ کسی روز یہ ریکارڈ بھی ٹوٹ جائے گا۔
آفریدی نے اعتراف کیا کہ انہیں امید تھی کہ ان کی ریٹائرمنٹ تک یہ ریکارڈ برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا 'میں چاہتا تھا کہ جب تک میں کھیلتا رہوں یہ ریکارڈ میرے نام رہے کیونکہ یہ پاکستان اور میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات تھی'۔
'جب کبھی بھی میرا نام آتا ہے تو اس ریکارڈ کا ذکر ضرور ہوتا ہے، اب اینڈرسن کا نام آئے گا لیکن مجھے یقین ہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی وجہ سے یہ ریکارڈ یقیناً مستقبل میں بہتر ہو گا۔
آفریدی نے کہاکہ انہیں توقع تھی کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل یا آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر ان کا ریکارڈ توڑیں گے۔
'میں نے کسی نئے کھلاڑی کی جانب سے ریکارڈ توڑنے کی کبھی توقع نہیں کی تھی'۔
'میں سمجھتا تھا کہ جس طرح گیل بیٹنگ کرتے ہیں اور چھکے مارتے ہیں یا وارنر بیٹنگ کرتے ہیں وہ میرا ریکارڈ توڑنے کے لئے فیورٹ ہوسکتے ہیں'۔
'میری خواہش ہے کہ پاکستان کا کوئی کھلاڑی جلد اس ریکارڈ کو توڑے لیکن اس وقت ہر کسی کو اینڈرسن کی تعریف کرنی چاہیے'۔
آفریدی گزشتہ سال بیٹنگ میں انتہائی بری فارم میں رہے اور انہیں پاکستان کے ایک روزہ سکواڈ سے دو مرتبہ ڈراپ کیا گیا ۔
تبصرے (2) بند ہیں