'برائے مہربانی ہمیں اکیلا چھوڑ دیں'

شائع January 7, 2014
فرانس کے شہر گیرنوبل کے اس ہسپتال کا منظر جہاں میڈیا نمائندے شوماکر کے حوالے سے خبریں جمع کرنے کے لیے موجود ہیں۔—اے ایف پی
فرانس کے شہر گیرنوبل کے اس ہسپتال کا منظر جہاں میڈیا نمائندے شوماکر کے حوالے سے خبریں جمع کرنے کے لیے موجود ہیں۔—اے ایف پی

برلن: مائیکل شوماکر کی بیوی نے منگل کے روز صحافیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فرانسیسی ہسپتال سے دور رہیں جہاں ان کے شوہر سکیئنگ حادثے کے دوران جان لیوا زخموں کے بعد زیر علاج ہیں۔

کورینا شوماکر نے حادثہ کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا کے نام ایک بیان میں کہا کہ 'برائے مہربانی مائیکل کے ساتھ ہماری مشترکہ کوششوں میں ہمارا ساتھ دیں'۔

'یہ میرے لئے ضروری ہے کہ آپ ڈاکٹروں اور ہسپتال سے دباؤ ہٹائیں تاکہ وہ اپنا کام کرسکیں'۔

فارمولا ون لیجنڈ کھلاڑی کی بیوی نے کہا کہ برائے مہربانی ہمارے بیانات پر یقین کیجئے اور ہسپتال چھوڑ دیجئے

'براہ مہربانی ہمارے خاندان کو ابھی امن سے رہنے دیجئے۔'

انتیس دسمبر کو حادثہ کے بعد سے فامولا ون لیجنڈ فرانس کے شہر گیرنوبل کے ایک ہسپتال میں کومہ کی حالت میں ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت مستحکم لیکن نازک ہے۔

حادثہ کے بعد کئی صحافی، ٹی وی عملہ اور فوٹو گرافرز ہسپتال کے باہر پل پل کی خبروں کے لیے جمع ہیں۔

گزشتہ ہفتہ شوماکر کے مینیجر سیبین کیہم نے سات مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والے شوماکر کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کچھ صحافیوں کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ ایک صحافی نے شوماکر کو دیکھنے کے لیے پادری کا روپ دھار کر ان تک پہنچنے کی کوشش بھی کی تھی۔

شوماکر کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں کے بعد ان کے ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ وہ پینتالیس سالہ ڈرائیور کے نجی زندگی کے حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے علاج معالجے کی تفصیلات جاری نہیں کریں گے۔

منگل کو جرمن فیڈریشن برائے جرنلسٹس نے بھی منگل کو کورینا کی تائید کرتے ہوئے صحافیوں پر زور دیا تھا کہ وہ شوماکر کے حوالے سے رپورٹنگ کرتے ہوئے احتیاط برتیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 جون 2025
کارٹون : 22 جون 2025