راشد لطیف کا چیئرمین سلیکشن کمیٹی بننے سے انکار

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2014
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف۔ فائل فوٹو
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف۔ فائل فوٹو

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر راشد لطیف نے عہدے پر تعیناتی کے چند دن بعد ہی چیف سلیکٹر کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کر دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ میں سچ گوئی کے لیے مشہور سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے فروری میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی مقرر کیا تھا جہاں انہیں یکم اپریل سے یہ ذمے داریاں سنبھالنی تھیں۔

تاہم ایک ہفتے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود انہوں نے ابھی تک کسی قسم کے باقاعدہ معاہدے پر دستخط نہیں کیے تھے۔

بدھ کو ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ پی سی بی انتظامیہ کے ساتھ کام نہیں کرسکتا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی چیف سلیکٹر بننے کی آفر ٹھکرا دی ہے اور پی سی بی کو اس بات سے آگاہ بھی کردیا ہے۔

راشد نے اس سے قبل نجی ٹی وی سے گفتگو میں بھی کہا تھا کہ وہ پی سی بی کے موجودہ ماحول میں کام نہیں کرسکتے۔

'میں چیئرمین کے علاوہ کسی کے نیچے کام نہیں کرسکتا'۔

ذرائع کے مطابق راشد سابق کپتان محمد یوسف اور سابق ٹیسٹ کرکٹر وجاہت اللہ واسطی کو سلیکشن کمیٹی کا رکن بنانا چاہتے تھے لیکن نجم سیٹھی اظہر خان اور فرخ زمان کو رکن برقرار رکھنا چاہتے تھے۔

راشد نے پاکستان کرکٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کسی تنازع میں نہیں الجھنا چاہتا اور امید کرتا ہوں چیئرمین اور بورڈ کی زیر سربراہی پاکستان کرکٹ ترقی کرے گا۔

'میں مزید کوئی بیان نہیں دینا چاہتا، میڈیا میں خاصی قیاس آرائیاں زیر گردش تھیں اور میں اپنی خاموشی توڑتے ہوئے اعلان کرتا ہوں کہ چیف سلیکٹر کی حیثیت سے پی سی بی کا حصہ نہیں بنوں گا۔

راشد نے اس سے قبل بھی چیف سلیکتر بننے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا تھا اور کہا کہ تھا وہ آزادانہ طور پر کام کرتے ہوئے اپنی شرائط پر یہ عہدہ سنبھالیں گے۔

راشد کی جانب سے چیف سلیکٹر کی پیشکش ٹھکرائے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ ایک بار پھر بحرانی کیفیت سے دوچار ہو گئی ہے جس کے رواں سال تین چیف سلیکٹر مقرر کیے جا چکے ہیں۔

سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے عامر سہیل کو سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا لیکن وزیر اعظم کی جانب سے بورڈ سربراہ کو ہٹانے کے بعد نجم سیٹجی نے اظہر خان کو یہ ذمے داریاں سونپتے ہوئے ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے ٹیم کے انتخاب کا ٹاسک دیا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ناقص کارکردگی اور ٹیم کی ناکامی کے باعث کپتان محمد حفیظ نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق راشد لطیف 17 اپریل سے کراچی میں لگنے والے افغان کرکٹ ٹیم کی کیمپ میں شرکت کریں گے اور ایک ہفتہ جاری رہنے والے کیمپ میں افغان ٹیم کو وکٹ کیپنگ کی ٹریننگ بھی دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں