عراق کی یزیدی برادری کیلئے ترکی میں پناہ
انقرہ: داعش کی جانب سے عراق میں یزیدی برادری کے علاقوں پر قبضے کے بعد نقل مکانی کرنے والے افراد میں سے سیکڑوں نے ترکی میں پناہ حاصل کر لی ہے۔
ترک وزارت خارجہ کے عہدیداران نے جمعرات کے روز اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں انسانوں کا انخلا ایک انسانی المیہ ہے، اور ایسی صورتحال میں ترکی کے لئے خاموش رہنا ممکن نہیں ہے۔
عہدیداران کا کہنا تھا کے ترکی اپنی اخلاقی ذمہ داری ضرور پوری کرے گا۔
مزید پڑھیں: عراق کی یزیدی برادری علاقہ چھوڑنے پر مجبور
ایک اور سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گزشتہ بدھ سے اب تک سینکڑوں کی تعداد میں یزیدی برادری کے افراد ترکی میں داخل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی انتظامیہ کی جانب سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو زلزلہ متاثرین کے لئے قائم کالونیوں میں ٹھہرایا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے داعش نے یزیدی برادری کے قصبوں سنجر اور زمر پر قبضہ کر لیا تھا، جس کے بعد برادری کے چالیس ہزار سے زیادہ افراد نے دوسرے علاقوں کی جانب نقل مکانی شروع کر دی تھی۔