'اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر کام اگلے ہفتے سے'
کراچی: پابندی کے شکار پاکستانی آف سپنر سعید اجمل اگلے ہفتے سے اپنا باؤلنگ ایکشن درست بنانے پر کام شروع کر دیں گے۔
یہ بات پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے جمعرات کواے ایف پی سے گفتگو میں بتائی۔
اگلے مہینے اپنی 37ویں سالگراہ منانے والے اجمل پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے منگل کو غیر قانونی باؤلنگ ایکشن کی وجہ سے پابندی لگا دی تھی۔
اجمل آئی سی سی فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کریں گے بلکہ اپنا ایکشن درست کرنے کے بعد آئی سی سی سے از سر نو جائزہ لینے کی درخواست کریں گے۔
شہریار خان نے بتایا کہ انہو ں نے اجمل سے اگلے ہفتے آنے کی درخواست کی ہے اور امید ہے کہ وہ بورڈ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہو کر باؤلنگ ایکشن درست کرنے کے عمل کا آغاز کر دیں گے۔
'اجمل کے معاملے میں ہمارے پاس دو راستے تھے۔ان میں سے ایک یہ تھا کہ ہم فیصلے کے خلاف اپیل کرتے لیکن آئی سی سی قوانین میں طبی بنیادوں کو اہم نہیں سمجھا جاتا لہذا اپیل کے منظور ہونے کے امکانات کم تھے'۔
یاد رہے کہ 2009 میں اجمل کے باؤلنگ ایکشن کو پہلی مرتبہ رپورٹ کیا گیا تھا تاہم انہیں سابق سری لنکن آف سپنر متھیا مرلی دھرن کی طرح بازو میں غیر معمولی خم ہونے کی بنیاد پر کلیئر کر دیا گیا۔
تاہم، شہریار کا کہنا ہے کہ ماضی کے برعکس اب طبی وجوہات پر غور نہیں کیا جاتا ۔
پی سی بی سربراہ نے بتایا کہ بورڈ سابق آف سپنر ثقلین مشتاق کی مدد سے تین سے چھ ہفتوں کے درمیان اجمل کا ایکشن درست کرنے کا ہدف رکھتا ہے۔
ثقلین بائیس ستمبر کو انگلینڈ سے لاہور پہنچیں گے۔
دوسری جانب، پاکستان نے اگلے مہینے متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف 'ہوم سیریز' کے لئے اجمل کا متبادل تلاش کرنا شروع کرد یا ہے۔
پانچ اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز میں میزبان پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور دوٹیسٹ میچ کھیلے گا۔
اس سیریز کے بعد پاکستان یو اے ای میں نیوزی لینڈ کی میزبانی بھی کرے گا۔