ولیئم سن ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے کپتان مقرر
ویلنگٹن:نیوزی لینڈ نے برنڈن مک کلم کو آرام دیتے ہوئے بلے باز کین ولیئم سن کو پاکستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کیلئے کپتان مقرر کر دیا ہے۔
ولیئم سن کی تقرری سے واضح ہوتا ہے کہ وہی مستقبل میں مک کلم کے جانشین بنیں گے۔
چیف سیلکٹر بروس ایڈجگر کا کہنا ہے کہ پانچ ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں کپتانی سے 24 سالہ ولیئم سن کو قیمتی تجربہ حاصل ہو گا۔
ایڈجگر کے مطابق، مک کلم، ٹیم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کیلئے وطن واپس لوٹ رہے ہیں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گرمیوں میں کھلاڑیوں کو بہت زیادہ کھیلنے سے بچانے کی غرض سے بورڈ نے یہ حکمت عملی اپنائی ہے۔
ایڈجگر نے بتایا کہ تینوں کھلاڑیوں کو آرام دینے کا فیصلہ گزشتہ ہفتہ آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز کی موت سے پہلے ہوا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو آرام دینے کی حکمت عملی سے 'ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانے کا موقع ملتا ہے'۔
'اس حکمت عملی کے ذریعہ ہم ولیئم سن کپتانی کا تجربہ بڑھانے جیسے متبادل منصوبوں پر بھی کام کر سکیں گے'۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے کپتان مک کلم نے پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں جارحانہ ڈبل سنچری بنائی تھی۔ مک کلم اور ولیئم سن کی شاندار بیٹنگ اور پاکستان کی دوسری اننگز میں ناکام بیٹنگ کے سبب نیوزی لینڈ تین میچوں کی سیریز ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔