فیس بک کا فوٹو ایڈیٹنگ فیچر متعارف
کیا آپ کو کبھی فیس بک پر تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ خیال آتا ہے کہ آپ اس پر کوئی دلچسپ کیپشن یا فوٹو شاپ کی طرح تبدیلیاں نہیں کرسکتے تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ کی نئی اپ ڈیٹ آپ کے مسائل کا حل بن کر سامنے آئی ہے۔
فیس بک نے حال ہی میں اپنے ڈیسک ٹاپ ورژن میں ایک اپ ڈیٹ کرتے ہوئے صارفین کو تصاویر ایڈٹ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔
صارفین اب اپنی تصاویر کو فلٹرز کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں اسٹیکرز، رنگا رنگ تحاریر اور کراپ وغیرہ براہ راست کرسکیں گے، جیسے فوٹو شاپ میں کیا جاتا ہے۔
یہ فیچر ایک فوٹو شیئرنگ ایپ سنیپ چیٹ کے ایڈیٹنگ آپشنز سے ملتا جلتا ہے جسے فیس بک نے 2014 میں خریدنے کی کوشش بھی کی تھی۔
اگر آپ اس فیچر کو آزمانا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے فوٹو اپ لوڈ کریں اور پھر پبلش کرنے سے پہلے ماﺅس اس پر رکھیں تو دائیں جانب ایڈٹ کا ٹول بنا نظر آئے گا۔

اس پر کلک کرنے سے ایک پوپ اپ ونڈو کھل جائے گی جس میں تصویر کو ایڈٹ کرنے کے آپشنز بائیں جانب نظر آئیں گے۔

یہ فیچر فیس بک نے رواں سال جون میں آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے متعارف کرایا تھا اور اب اس کا ڈیسک ٹاپ ورژن بھی پیش کردیا گیا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔