پٹھان کوٹ ایئربیس کے اطراف فوج کا سرچ آپریشن
نئی دہلی: ہندوستانی فوج اور پولیس نے پٹھان کوٹ کے قریب مشتبہ افراد کی موجود کی اطلاعات کے بعد سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔
مقامی افراد کی جانب سے شکایات کے بعد اس آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کا مرکز ریاست پنجاب کا ضلع گرداسپور ہے۔
مزید پڑھیں: ایئر بیس حملہ: ہندوستان نے ’خامیوں' کا اعتراف کرلیا
سینئر سپریٹینڈنٹ گرداسپور پولیس گرپریت سنگھ تور نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'مقامی افراد نے ہمیں دو مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع دی ہے جو فوجی لباس پہنے ہوئے ہیں اور آرمی کنٹونمنٹ کے علاقے سے قریب ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے تاہم اب تک کچھ سامنے نہیں آسکا تاہم تلاش جاری ہے۔'
خیال رہے کہ ہندوستانی ایئربیس حملے کے بعد سے انڈین سیکیورٹی ایجنسیز ہائی الرٹ پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پٹھان کوٹ حملہ: پاکستان سے فوری کارروائی کا مطالبہ
ہندوستانی پنجاب میں پٹھان کوٹ کے ایئر بیس پر ہونے والے حملے کے دوران سات ہندوستانی فوجی جبکہ چھ حملہ آور مارے گئے تھے تاہم یہ لڑائی کئی روز تک جاری رہی۔
ہندوستان نے مذکورہ حملے کی ذمہ داری پاکستان میں موجود ایک کالعدم تنظیم جیش محمد پر عائد کی اور پاکستانی حکام کو اس حملے کے حوالے سے کچھ اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے ان افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔