لیونارڈو کے آسکر جیتنے کی خوشی میں چائے کی دعوت کا اہتمام
مظفر آباد: میرپور میں ایک سرکاری اہلکار نے لیونارڈو ڈی کیپریو کے آسکر جیتنے پر اپنے اسٹاف کے لیے چائے کی دعوت کا اہتمام کیا۔
ان لینڈ ریونیو ڈیپارٹمنٹ آزاد کشمیر کے اسسٹنٹ کمشنر رضوان احمد نے کہا کہ وہ ٹائٹینک اسٹار سے اس لیے متاثر ہیں کیوں کہ چار مرتبہ صرف نامزد ہونے کے باوجود انہوں کبھی امید نہیں چھوڑی۔
دنیا کے بڑے ستاروں میں سے ایک 41 سالہ لیونارڈو آسکر ایوارڈ جیتنے میں اب تک ناکام رہے تھے تاہم 28 فروری کو فلم 'دی ریوینینٹ' میں ان کی شاندار اداکاری کے باعث اس اعزاز سے نوازا گیا۔
مزید پڑھیں: شرمین عبید چنائے کے نام ایک اور آسکر ایوارڈ
رضوان نے کہا کہ وہ اپنے اسٹاف کو مشکلات کے باوجود انتھک محنت اور عزم کا پیغام دینا چاہتے تھے۔
چائے کی دعوت کے لیے بھیجے گئے میمو میں رضوان کا کہنا تھا کہ طویل انتظار کے بعد لیونارڈو ڈی کیپریو کو آسکر ملنے کی خوشی میں دفتر کے عملے کے لیے چائے کا انتظام کیا جائے۔
میمو میں یہ بھی کہا گیا کہ لیونارڈو کو ایواٹار، ولف آف وال اسٹریٹ، دی ڈپارٹڈ، گینگز آف نیو یارک یا پھر جینگو ان چینجڈ کے لیے آسکر دیا جانا چاہیے تھا۔
انہوں نے اپنے عملے پر زور دیا کہ وہ لیونارڈو کی آسکر تقریر سنیں جس میں انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر جذباتی انداز میں بیان دیا۔
اس میمو کو سوشل میڈیا پر بے انتہا پذیرائی ملی جہاں کچھ افراد نے رضوان کو سینیما کا دیوانا کہا تو کسی نے انہیں کیک بھجوانے کی پیشکش بھی کرڈالی۔
رضوان نے اے ایف پی کو بتایا کہ دعوت کے دوران عملے کو چائے، مٹھائیاں اور بسکٹ کھلائے گئے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں