آئیوری کوسٹ کے تفریحی مقام پر حملہ، 16 افراد ہلاک
گرینڈ باسم: افریقی ملک آئیوری کوسٹ میں مسلح افراد نے اتوار کے روز ایک تفریحی مقام پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہوگئے۔
صدر الاسان اوٹرا نے حملے میں 14 سویلین اور دو اسپیشل فورسز کے اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
جائے وقوعہ کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ واقعے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں پیش آئی ہیں جبکہ چھ حملہ آوروں کو بھی مار دیا گیا۔
فرانسیسی صدر فرینکوئس اولانڈے نے کہا کہ حملے میں کم از کم ایک فرانسیسی باشندہ ہلاک ہوا۔
ایک عینی شاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ مسلح افراد نے ہوٹل پر حملہ کیا جہاں بڑی تعداد میں غیر ملکی موجود تھے۔
تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
اس سے قبل افریقی ممالک مالی اور برکینا فاسو میں بھی ہوٹلوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
مقامی پولیس ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے جبکہ ہوٹل کو سیکور کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب فرانسیسی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ سیکیورٹی فورسز کے کام میں مداخلت نہ ہو۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.