بنگلہ دیش: مذہبی گروپ, دیہاتیوں میں جھڑپ سے 2 ہلاک
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے ایک گاؤں میں دیہاتیوں اور مذہبی گروپ کے حامیوں کے درمیان لڑائی میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔
ایگزیکٹو مجسٹریٹ ایم نیکارالزمان نے بتایا کہ ہزاروں دیہاتی بنگلہ دیش کے جنوبی ضلع نواخلی میں مقامی حزب التوحید کی مسجد کی تعمیرات کو رکوانے کیلئے احتجاج کررہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب تقریباً پانچ ہزار دیہاتیوں نے حزب التوحید کے سیکڑوں حامیوں پر لاٹھیوں سے حملہ کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے میں دو افراد ہلاک ہوئے جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔
انھوں نے کہا دیہاتیوں نے گروپ کے کارکنوں کے دو گھر بھی نذر آتش کردیئے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس اور پیراملٹری فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر پُر تشدد احتجاج کو روکنے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ربر کی گولیاں اور ٹئیر گیس کا استعمال کیا۔
سیکیورٹی فورسز کا عسکریت پسندوں کی گرفتاری کا دعویٰ
بنگلہ دیشی ایلٹ سیکیورٹی فورس کے مطابق انھوں نے 5 مبینہ عسکریت پسندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کیا ہے۔
پولیس کا دعویٰ ہے کہ عسکریت پسندوں نے یہ دھماکا خیز مواد سال نو کے حوالے سے ہونے والی تقریبات میں تخریبی کارروائیوں میں استعمال کرنا تھا۔
فورس کے ترجمان نے بتایا کہ ریپڈ ایکشن بٹالین (آر اے بی) نے خفیہ اطلاع پر کالعدم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) کے ضلعی کمانڈر اور دیگر چار کو ڈھاکا اپارٹمنٹ سے گرفتار کیا۔
خیال رہے کہ بنگالی سال نو کا آغاز 14اپریل کو ہوتا ہے اور اس روز کو فیسٹول کے طور پر منایا جاتا ہے جس کو اس سے قبل ٹارگٹ کیا جاتا رہا ہے۔
یاد رہے کہ اپریل 2001 میں دہشت گردوں نے سال نو کی تقریبات پر بم حملے تھے جس کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہوگیے تھے۔
یہ بھی یاد رہے کہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ کچھ ماہ میں ملک میں بڑھتے ہوئے پُر تشدد واقعات میں جے ایم بی ملوث ہے، جس میں غیر ملکیوں اور اقیلتی برادری پر حملے بھی شامل ہیں۔
داعش کی جانب سے ان واقعات میں ملوث ہونے کے دعوے کے مسترد کرتے ہوئے بنگلہ دیشی حکومت کا کہنا تھا کہ ملک میں داعش کا وجود نہیں ہے۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ سال نومبر سے اب تک مختلف کارروائیوں میں میں جے ایم بی کے پانچ اراکین ہلاک ہوئے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.