’چھوٹو گینگ‘کےٹھکانوں پرہیلی کاپٹروں کی شیلنگ

آپریشن کے دوران پولیس اہلکار بنکر میں اپنی پوزیشن لیے ہوئے ہے۔ — فوٹو: اے ایف پی
آپریشن کے دوران پولیس اہلکار بنکر میں اپنی پوزیشن لیے ہوئے ہے۔ — فوٹو: اے ایف پی

لاہور/ ڈیرہ غازی خان: پنجاب کے ضلع راجن پور کے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف باضابطہ فوجی آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے ’چھوٹو گینگ‘ کے ٹھکانوں پر گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی۔

سینئر سیکیورٹی عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ گن شپ ہیلی کاپٹروں سے چھوٹو گینگ کے مشتبہ ٹھکانوں اور بنکروں کو نشانہ بنایا گیا۔

ابتدائی طور پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف فضائی کارروائی تقریباً 20 منٹ تک جاری رہی، ’ضرب آہن‘ کے نام سے جاری اس فیصلہ کن آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کو مارٹر گولوں کی صورت میں رینجرز کی مدد بھی حاصل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'چھوٹو گینگ کیخلاف جانی نقصان کی وجہ ناقص منصوبہ بندی'

تحصیل روجھان کے چندعلاقوں میں آپریشن کے جاری رہنے تک شام 6 بجے سے صبح 6 بجے تک کے لیے کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔

سیکیورٹی عہدیدار کا کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ اور اس کے اتحادی گروپ آپریشن کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں، جس کے باعث پورا علاقہ فائرنگ، دھماکوں اور شیلنگ سے گونج رہا ہے۔

چھوٹو گینگ کے ٹھکانوں پر تازہ شیلنگ کے نتیجے میں اب تک کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

مزید پڑھیں: چھوٹو گینگ کےخلاف آپریشن میں فوج طلب

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ آپریشن مکمل ہونے کے بعد میڈیا سے اس کی تمام تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ روجھان میں سیکیورٹی فورسز اور فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود ہے، جبکہ شورش زدہ جزیرے کچھا جمال اور کچھا مورو کے اطراف میں ایس ایس جی کمانڈوز بھی پوزیشن سنبھالے ہوئے ہیں۔

بعض ٹی وی چینلز نے اپنی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ چھوٹو گینگ اور چند دیگر بدنام زمانہ مجرمان نے ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے مسترد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: راجن پور:گینگسٹرز سے جھڑپیں،25 اہلکار لاپتہ

دوسری جانب لاہور میں سینٹرل پولیس آفس میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ ’ضرب آہن‘ آپریشن دیگر قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے، جبکہ آپریشن شروع کرنے سے قبل سیکیورٹی اہلکاروں کو مکمل تربیت اور ہتھیاروں سے لیس کیا گیا تھا۔

یرغمال اہلکاروں کے لواحقین کا مظاہرہ

دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں یرغمال ہونے والے پولیس اہلکاروں کے تاحال بازیاب نہ ہونے سے ان کے اہلخانہ اور رشتہ داروں نے راجن پور اور لیہ میں مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت ان کے پیاروں کی رہائی کے لیے چھوٹو گینگ سے کوئی ڈیل کرے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گینگ کے کارندے یرغمال اہلکاروں کے رشتہ داروں کو فون کرکے اُنہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ اپنے پیاروں کی جان بچانے کے لیے جو کچھ کرسکتے ہیں کرلیں۔

یہ خبر 16 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں