جاپان: زلزلے سے 41 افراد ہلاک، 900 زخمی

اپ ڈیٹ 18 اپريل 2016
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں— فوٹو : اے پی
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں— فوٹو : اے پی

ٹوکیو: جاپان میں متواتر دو دن تک آنے والے شدید زلزلے سے ہونے والی تباہی میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوگئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو اداروں کے ساتھ ساتھ نیم فوجی دستوں کے 20 ہزار اہلکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شدید زلزلے سے مجموعی تعداد 41 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے رپورٹ کیا کہ دوسرے روز آنے والے زلزلے سے 32 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 23 افراد ایک ہی عمارت کے منہدم ہونے سے اس میں دب کر ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز جنوبی جاپان میں شدید زلزلہ آیا تھا ، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس کی شدت 7.0 تھی جبکہ جاپان کے اداروں نے زلزلے کی شدت کو 7.3 قرار دیا تھا.

یہ بھی پڑھیں : جاپان میں 7.0 شدت کا زلزلہ

دو روز قبل بھی جاپان میں 6.5 شدت کے زلزلے کے باعث 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، یوں 2 روز میں زلزلوں سے 41 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔

جمعے کے روز آنے والے زلزلے کے بعد جاپان میٹرولوجیکل ایجنسی نے مغربی ساحل پر واقع کیوشو جزیرے کے لیے سونامی وارننگ جاری کی تھی تاہم بعد میں اسے واپس لے لیا گیا۔

جاپانی خبر رساں ادارے نیکائی کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کی شام آنے والے زلزلے سے 909 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 171 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

مزید پڑھیں: جاپان میں شدید زلزلہ، 9 افراد ہلاک

کیوشو ملک کی جنوبی ریاست ہے جس کا شہر کوموماتو زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے،اس کی آبادی 2 لاکھ افراد پر مشتمل ہے جبکہ اس علاقے میں 3 لاکھ 85 ہزار گھر اور دیگر عمارات ہیں، شہر کا بیشتر حصلہ زلزلے کے بعد بجلی اور گیس سے محروم ہے۔

شدید زلزلے سے کیوشو میں کئی عمارات کو نقصانات پہنچا جبکہ متعدد گھروں کی چھتیں منہدم ہو گئیں۔

زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ کوموماتو میں 2 پہاڑی دروں کے درمیان قائم 80 میٹر طویل رابطہ پل بھی تباہ ہو گیا۔

جاپان کے میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کئی آفٹر شاکس کی رپورٹس بھی جاری کیں۔

ریاست کیوشو کے شہر کوموماتو میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس کی متعدد شاہراہیں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی مقامات سے بند ہو گئیں، بعض سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔

واضح رہے کہ جاپان، دنیا میں سب سے زلزلوں کے فعال ممالک میں سے ایک ہے اور دنیا کے کئی خطوں اور ممالک میں آنے والے زلزلوں میں 20 فیصد زلزلے صرف جاپان میں آتے ہیں۔

مارچ 2011 میں شمال مشرقی جاپان میں 9 شدت کے زلزلے اور پھر سونامی کے باعث 18 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور لاپتہ ہو گئے تھے، جبکہ اس سے فوکوشیما جوہری پلانٹ بھی بُری طرح متاثر ہوا تھا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں