کپتان سرفراز انجری کا شکار، دوسرے دن وکٹ کیپنگ نہیں کر سکیں گے

17 اکتوبر 2018
سرفراز احمد کو بیٹنگ کے دوران آسٹریلین فاسٹ باؤلر مشل اسٹارک کی گیند لگی تھی— فوٹو: اے ایف پی
سرفراز احمد کو بیٹنگ کے دوران آسٹریلین فاسٹ باؤلر مشل اسٹارک کی گیند لگی تھی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کہنی کی انجری کا شکار ہو گئے ہیں جس کے سبب میچ کے دوسرے دن وہ وکٹ کیپنگ نہیں کر سکیں گے۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز کے دوران سرفراز احمد 90 کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کر رہے تھے کہ مچل اسٹارک کی گیند ان کے ہاتھ پر لگی۔

مزید پڑھیں: ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے ہی دن کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے

اس موقع پر انہیں طبی امداد کی ضرورت پڑی اور کچھ اوورز بعد ہی وہ 94 رنز بنانے کے بعد مارنس لبوشین کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلیا کی بیٹنگ کے دوران انہوں نے 7 اوورز تک وکٹ کیپنگ کی لیکن وہ تکلیف میں گھرے نظر آئے، تاہم اس کے باوجود انہوں نے عثمان خواجہ کا خوبصورت کیچ لے کر انہیں میدان بدر بھی کیا۔

سرفراز نے منگل کی شام میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ہاتھ صحیح سے کام نہیں کر رہا اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر امپائرز سے متبادل وکٹ کیپر کے حوالے سے بات کریں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال ہی میریلیبون کرکٹ کلب نے اپنے قوانین میں تبدیلی کی تھی جس کے تحت اگر وکٹ کیپر دوران کھیل زخمی ہو جاتا ہے تو امپائرز کی منظوری سے متبادل وکٹ کیپر کو میدان میں آنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فخر زمان پاکستان کے بدقسمت کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل

یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ سرفراز کی ناقص فارم اور مستقل کھیل کے سبب پڑنے والے دباؤ کو دیکھتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ نے محمد رضوان کو متبادل وکٹ کیپر کی حیثیت سے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا اور وہ ممکنہ طور پر آج کیپنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

سرفراز احمد کی غیر موجودگی میں اسد شفیق ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں