سیاسی جماعتوں کے اثاثوں، آمدن، اخراجات کی تفصیلات جاری

اپ ڈیٹ 07 مئ 2019
پی ٹی آئی کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 66 لاکھ روپے تھی—فوٹو: ڈان نیوز
پی ٹی آئی کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 66 لاکھ روپے تھی—فوٹو: ڈان نیوز

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیاسی جماعتوں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے 2018 کے دوران اثاثوں، آمدن اور اخراجات کی تفصیلات جاری کر دیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق آمدن اور اخراجات میں مسلم لیگ (ق) سرفہرست رہی۔

مزیدپڑھیں: انتخابات لڑنے کیلئے اخراجات کی حد کیا ہو گی؟

ای سی پی کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق مسلم لیگ ق کی 2018 میں آمدن 93 کروڑ 89 ہزار روپے جبکہ اخراجات 93 کروڑ 17 ہزار روپے رہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ سال 2017 میں مسلم لیگ (ق) کے اثاثوں کی مالیت 4 کروڑ 99 لاکھ روپے تھی ۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ آمدن اور اخراجات کی مد میں اعداد وشمار کی رو سے حکمراں جماعت دوسرے نمبر پر رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ’تحریک انصاف کی 2018 میں آمدن 59 کروڑ 50 لاکھ روپے اور اخراجات 36 کروڑ 8 ہزار روپے رہے۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 31 کروڑ 66 لاکھ روپے تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘آنے والے وقت میں مسلم لیگ (ن) کی حیثیت متحدہ قومی موومنٹ جیسی ہوگی‘

ای سی پی نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی 2018 میں آمدن 12 کروڑ 58 لاکھ روپے اور اخراجات 4 کروڑ 82 لاکھ روپے رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی 2018 میں اثاثوں کی مالیت 25 کروڑ 33 لاکھ روپے بنتی ہے۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے 2017 میں موجود اثاثوں کے بارے میں بتایا کہ 2017 میں پارٹی کے اثاثوں کی مالیت 22 کروڑ 21 لاکھ روپے تھی۔

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی آمدن 2018 سے متعلق الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اول الذکر سیاسی جماعت کی آمدن 10 کروڑ 9 لاکھ روپے اور آخرالذکر کی ایک کروڑ 75 لاکھ روپے تھی ۔

ای سی پی کے مطابق پیپلز پارٹی کے 2018 میں اخراجات ایک کروڑ 31 لاکھ روپے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’چوہدری نثار کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبروں میں صداقت نہیں‘

ان کے مطابق ایم کیو ایم کے 2018 میں اخراجات ایک کروڑ 66 لاکھ روپے جبکہ اثاثوں کی مالیت 3 کروڑ 52 لاکھ روپے تھی۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے 2017 میں اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ 79 لاکھ روپے تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں