نئے آئی فونز کی تاریخ رونمائی سامنے آگئی

29 اگست 2019
ایپل کے بھیجے گئے دعوت نامے کی جھلک — فوٹو بشکریہ ایپل
ایپل کے بھیجے گئے دعوت نامے کی جھلک — فوٹو بشکریہ ایپل

اگر آپ نئے آئی فونز کے منتظر ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ کمپنی کی جانب سے ان کی رونمائی کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

آئی فون 11، آئی فون 11 پرو اور آئی فون 11 پرو میکس (یہ ممکنہ نام ہیں) یعنی 3 نئے آئی فونز توقعات کے مطابق 10 ستمبر کو ایپل پارک کے اسٹیو جابز تھیٹر میں متعارف کرائے جائیں گے۔

اس حوالے سے ایپل کی جانب سے دعوت نامے میڈیا اداروں کو بھیجے گئے ہیں جن پر لکھا ہے ' بائی اننویشن اونلی (By innovation only)'۔

دعوت نامے میں ایپل کا لوگو مختلف رنگوں جیسے سبز، نیلا، پیلا، سرخ اور جامنی ہے جو کہ گزشتہ سال کے آئی فون ایکس آر کے اپ ڈیٹ ماڈل آئی فون 11 میں ممکنہ طور پر متعارف کرائے جانے والے نئے رنگ ہوسکتے ہیں۔

ایپل کی جانب سے عام طور پر آئی فونز منگل یا بدھ کے دن متعارف کرائے جاتے ہیں اور 10 ستمبر کو بھی منگل ہے، یعنی اس روایت کو برقرار رکھا گیا ہے، مگر اس کے پیچھے کیا وجہ چھپی ہے، وہ کسی کو معلوم نہیں۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ نئے آئی فونز کے نام آئی فون 11، آئی فون 11 پرو اور آئی فون 11 پرو میکس ہوسکتے ہیں۔

ان میں سے آئی فون 11 گزشتہ سال کے آئی فون ایکس آر کی جگہ لے گا اور اس میں 6.1 انچ ایل سی ڈی اسکرین دی جائے گی اور سب سے بڑی تبدیلی بیک پر ایک کی بجائے 2 کیمروں کی موجودگی ہوگی، جن میں سے ایک ٹیلی فوٹو لینس ہوگا جبکہ چند نئے رنگ بھی پیش کیے جائیں گے۔

آئی فون 11 پرو 5.8 انچ جبکہ آئی فون 11 پرو میکس 6.5 انچ کے او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہوگا اور ان میں پہلی بار یہ کمپنی بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ دے گی۔

ان فونز میں پہلے سے زیادہ طاقتور اے 13 پراسیسر دیا جائے گا جبکہ تیز فیس آئی ڈی، ریورس وائرلیس چارجنگ اور زیادہ بہتر واٹر ریزیزٹنس خصوصیات دی جائیں گی۔

ان فونز کے ساتھ نئی ایپل واچ بھی متعارف کرائی جائے گی جسے ممکنہ طور پر ایپل واچ 5 کا نام دیا جاسکتا ہے۔

اسی طرح ایک نیا 10.2 انچ کا آئی پیڈ اور 16 انچ میک بک پرو بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں