مردوں کے بانجھ پن کے آسان علاج کی جانب اہم پیشرفت

09 اکتوبر 2019
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

موجودہ عہد میں مردوں میں بانجھ پن کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے مگر اس خطرے کو ایک معمولی غذائی تبدیلی سے کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

شیفیلڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ پکے ہوئے ٹماٹروں کا استعمال اسپرم کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جس سے بانجھ پن کے مسائل سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

تحقیق کے نتائج سے بانجھ پن کے شکار مردوں کے مسائل پر قابو پانے اور موجودہ عہد کے طرز زندگی کے تولیدی صحت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹماٹر کا مرکزی جز لائیکوپین جو اسے سرخ رنگت دیتا ہے، جبکہ اسے بلڈ پریشر میں کمی لانے میں مددگار بھی سمجھا جاتا ہے، بانجھ پن کے مسائل سے بچانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

لائیکوپین کئی پھلوں اور سبزیوں میں پایا جاتا ہے مگر غذا میں اس کا مرکزی ذریعہ ٹماٹر ہی ہیں مگر یہ انسانی جسم میں اچھی طرح جذب نہیں ہوتا تو محققین نے اسے دوا کی شکل میں لوگوں کو استعمال کرایا۔

19 سے 30 سال کے 60 صحت مند افراد میں سے نصف کو 12 ہفتے تک لائیکوپین سپلیمنٹس کا استعمال کرایا گیا جبکہ دیگر کودوسری گولیاں دی گئیں۔

تحقیق کے آغاز اور اختتام پر رضاکاروں کے اسپرم اور خون کے نمونوں کو بھی جمع کیا گیا اور محققین کا خیال تھا کہ دونوں گروپس میں کوئی خاص فرق نہیں ہوگا۔

تاہم نتائج دیکھ کر وہ دنگ رہ گئے کیونکہ لائیکوپین سپلیمنٹس کے استعمال کرنے والے افراد کے اسپرم کی ساخت اور حجم میں ڈرامائی حد تک بہتری آئی۔

محققین کا کہنا تھا کہ یہ لائیکوپین کے اسپرم کے اثرات پر پہلی تحقیق ہے اور اب ہم اس مرکب پر مزید کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ چھوٹے پیمانے پر ہونے والی تحقیق تھی اور اب ہم اسے بڑے پیمانے پر کرنا چاہتے ہیں مگر موجودہ نتائج بھی بہت زیادہ حوصلہ افزا ہیں اور اگلے قدم کے طور پر اس کی آزمائش بانجھ پن کے شکار مردوں پر کی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ ان کی حالت میں کس حد تک بہتری آتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں