بھارت: کابینہ کی تجویز پر صدر نے مہاراشٹرا کو مرکز کی حکمرانی میں دے دیا

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2019
بھارتی جماعت شیو سینا کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی احکامات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ — فوٹو بشکریہ اے این آئی
بھارتی جماعت شیو سینا کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی احکامات کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔ — فوٹو بشکریہ اے این آئی

بھارتی صدر رام ناتھ کووند نے کابینہ کی مہاراشٹرا کو مرکز کی حکمرانی میں لانے کی تجویز پر دستخط کر دیے۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں ہنگامی سطح پر طلب کیے گئے کابینہ کے اجلاس میں یہ تجویز مہاراشٹرا کے گورنر بھگت سنگھ کی اس رپورٹ کے بعد سامنے آئی جس میں کہا گیا تھا کہ 'مہاراشٹرا کی ریاست آئین کے مطابق قائم نہیں ہو سکی ہے'۔

سپریم کورٹ میں گورنر کے خلاف درخواست دائر کرنے والی بھارتی جماعت شیو سینا کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی احکامات کے خلاف بھی عدالت جائے گی۔

مزید پڑھیں: بھارت میں باپ نے نومولود بچی کو زندہ دفن کردیا

اپنی درخواست میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر نے انہیں مہاراشٹرا میں حکومت قائم کرنے کے لیے صرف 24 گھنٹوں کی مہلت دی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مہاراشٹرا میں ہونے والے انتخابات میں شیو سینا نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ اتحاد قائم کیا تھا تاہم بی جے پی کی جانب سے وزیر اعلیٰ کا عہدہ طلب کیے جانے پر شیو سینا نے اس اتحاد سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔

گورنر بھگت سنگھ نے گزشتہ ہفتے 288 نشستوں کی اسمبلی میں سے 105 نشتوں پر جیتنے والی بی جے پی جماعت کو حکومت قائم کرنے کے لیے 3 روز کی مہلت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بابری مسجد، لاہور گوردوارا: مقدمہ ایک جیسا، فیصلے الگ الگ

تاہم جب بی جے پی حکومت قائم نہیں کر سکی تو گورنر نے شیو سینا سے حکومت قائم کرنے کا کہا تھا تاہم وہ بھی کوششوں کے باوجود 24 گھنٹوں کی مہلت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور کانگریس کی حمایت حاصل نہیں کر سکی۔

بعد ازاں گورنر نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے حکومت بنانے کا کہا اور انہیں بھی 24 گھنٹوں کی مہلت دی اور یہ جماعت بھی کانگریس اور دیگر حمایتیوں سے بات چیت جاری ہونے کے باوجود مقررہ مدت میں حکومت قائم کرنے میں ناکام رہی۔

سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے برازیل کے دورے پر جانے سے قبل آخری لمحات میں کابینہ اجلاس طلب کیا جس کی وجہ سے ان کی پرواز کو 15 منٹ کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں