ٹیسٹ سیریز میں شکست: پاکستان کو پسند و ناپسند کی قیمت چکانا پڑی، وفاقی وزیر

03 دسمبر 2019
پاکستانی بلے باز آسٹریلیا کی ایک اننگز کے اسکور کو بھی برابر نہ کرسکے— فوٹو: اے پی
پاکستانی بلے باز آسٹریلیا کی ایک اننگز کے اسکور کو بھی برابر نہ کرسکے— فوٹو: اے پی

وفاقی وزیر علی زیدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا کے خلاف بدترین شکست کو سابق کپتان سرفراز کو ڈراپ کیے جانے سے جوڑتے ہوئے کہا ہے کہ مصباح اور وقار کی پسند و ناپسند کی قیمت ٹیم کو چکانا پڑی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹر میں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ‘ہم پہلے خاموش رہا جب ٹیم کا انتخاب کیا گیا تھا اور آسٹریلیا جارہی تھی لیکن پی سی بی نے سرفراز کو ٹیم سے ڈراپ کرتے ہوئے کیا سوچ رہا تھا’۔

کراچی سے منتخب پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی زیدی نے سرفراز احمد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘انہوں نے تن تنہا ہمیں ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک ٹیم بنایا ساتھ ہی چمپیئنز ٹرافی بھی جیت لی’۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلین سرزمین پر لگاتار 5واں کلین سوئپ اور نیا عالمی ریکارڈ

وفاقی وزیر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ‘انہوں نے بھارت کو آئی سی سی کے ٹورنامنٹ میں دو مرتبہ ہرایا اور حالیہ برسوں میں پاکستان کا کامیاب ترین کپتان بن گیا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘جب مصباح اور وقار کی جوڑی نے سرفراز کو ڈراپ کیا تھا ہر کسی کو بو آئی تھی کہ کچھ گڑ بڑ ہے، ان کی ناپسندیدگی سے سب واقف ہیں، ان کی پسند و ناپسند کی پاکستان کو قمیت چکاناپڑی’۔

ٹیم میں انتشار کی خبر دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘ٹیم گروپنگ عام ہے لیکن اس کوقیادت اور لپیٹ کر رکھا جاتا ہے، پی سی بی معاملے کو فوری طور پر دیکھے’۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ‘بدقسمتی سے اس مرتبہ وہ پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کی صورت میں آشکار ہوئے، یہ وقت ہے کہ ہر سطح پرچند مشکل فیصلے کیے جائیں’۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں باآسانی ایک اننگز اور 48 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرلیا تھا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی آسٹریلیا نے جیت لی تھی۔

مزید پڑھیں:پاکستان کو اننگز اور 48رنز سے شکست، آسٹریلیا کا کلین سوئپ

پاکستانی ٹیم کو آسٹریلیا کی سرزمین میں اس طرح کی ہزیمت کا سامنا پہلا مرتبہ نہیں ہوا کیونکہ آسٹریلیا نے پاکستان کو لگاتار پانچویں مرتبہ کلین سوئپ کر دیا ہے۔

گزشتہ 24 برسوں کے دوران پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ان کی سرزمین میں کوئی ٹیسٹ میچ نہ جیت سکی یہاں تک کہ ڈرا کرنے میں بھی ناکام رہی اور ماضی میں سرفراز بھی شکست کھانے والی ٹیموں کا حصہ رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں