وقت آنے پر 27 فروری کی طرح دشمنوں کو سرپرائز دیتے رہیں گے، فردوس عاشق اعوان

اپ ڈیٹ 26 فروری 2020
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہی ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کا کہنا ہے کہ 27 فروری کو پاکستان نے بھارتی طیاروں کو نشانہ بنا کر سرپرائز دیا اور وقت آنے پر پاکستان خطے میں موجود دشمنوں کو سرپرائز دیتا رہے گا۔

اسلام آباد میں پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) میں گزشتہ سال 27 فروری کو پیش آئے واقعے پر دستاویزی فلم کی رونمائی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'امن کی خواہش پاکستان کے قومی بیانیے کا بنیادی حصہ ہے تاہم خطے میں موجود دشمن سن لیں کہ پاکستان ضرورت پر جواب دینا جانتا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'وزیر اعظم پاکستان نے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرکے اسلامی معاشرے کی درخشاں تصویر دنیا کے سامنے رکھی تھی، بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی ہماری امن کی خواہش کا اظہار تھا'۔

مزید پڑھیں: 27 فروری 2019 کو گرائے گئے بھارتی طیارے کے مختلف حصے نمائش کیلئے پیش

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 'بھارت میں ہندوتوا سوچ مسلمانوں کی نسل کشی کا باعث بن رہی ہے، بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ نا انصافی، ظلم، جبر، استحصال اور بنیادی حقوق کا قتل عام بھارت کی ہندوتوا سوچ کی منظر کشی کر رہا ہے'۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ 'آج دہلی کی سڑکوں پر مسلمانوں کی عبادت گاہوں اور مسلمان نوجوانوں کی سڑکوں پر بکھری ہوئی لاشیں نریندر مودی کے نفرت آمیز بیانیے کا نتیجہ ہے جس سے بھارت کا سیکولر چہرا زمین بوس ہوتا دکھائی دے رہا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'امریکی صدر نے تمام بھارتی قیادت کے سامنے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کاوشوں اور وزیر اعظم پاکستان کی پالیسیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور سراہا، یہ پوری قوم کے لیے قابل فخر اور قابل ستائش لمحہ ہے'۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ'امریکی صدر کا بیان سفارتی حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس سے مودی کے نفرت اور معتصبانہ بیانیے کو شکست ہوئی'۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 'بھارت نے ہمیشہ دنیا میں پاکستان کا منفی چہرہ دکھانے کی کوشش کی اور یہ پیغام دینے کے لیے اس نے کھربوں ڈالر خرچ کیے تاہم گزشتہ روز ان کا یہ بیانیہ شکست کھا گیا'۔

27 فروری 2019 کو پیش آئے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ '27 فروری قوم کی فتح کا دن ہے اور اسے قوم یوم فتح کے طور پر منائے'، ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کےعوام اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

دستاویزی فلم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم قوم کے لیے فخر کا باعث ہے کہ آپ کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی طیارے مار گرانے پر ملک بھر میں جشن، بھارت مخالف مظاہرے

بعد ازاں پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر مبنی دستاویزی فلم میں ایک سال قبل 27 فروری کو ہونے والے واقعے کی جھلک دکھائی گئی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل پاک فضائیہ کے ہیڈ کوارٹرز میں 27 فروری 2019 کو گرائے جانے والے بھارتی طیارے کے مختلف حصوں کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

اسی روز 27 فروری کی مناسبت سے پاک فضائیہ کے شعبہ تعلقات عامہ نے نیا نغمہ 'اللہ اکبر' بھی جاری کیا تھا۔

27 فروری 2019

یاد رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی در اندازی کو ناکام بنایا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ آزاد کشمیر میں گرا۔

یہی نہیں بلکہ بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے پائلٹ وِنگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔

اگلے روز ہی وزیر اعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم امن کے لیے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کردیں گے۔

بعد ازاں یکم مارچ کو ابھی نندن کو سخت سیکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں