لاک ڈاؤن کے دوران گھر میں رہتے ہوئے آپ خود کو فٹ کیسے رکھیں؟

اپ ڈیٹ 07 اپريل 2020
آن لائن بتائی گئی ٹپس سمجھنا اور انہیں کرنا انتہائی آسان ہے—فوٹو: لائیو فٹنیس ٹرینر فیس بک
آن لائن بتائی گئی ٹپس سمجھنا اور انہیں کرنا انتہائی آسان ہے—فوٹو: لائیو فٹنیس ٹرینر فیس بک

پاکستان میں گزشتہ 2 ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران اگرچہ متعدد پروفیشنل فٹنیس ٹرینرز نے بھی پیشہ ور فٹنیس کرنے والے افراد کے لیے آن لائن کلاسز کا آغاز کردیا ہے۔

تاہم اس دوران عام افراد کے لیے بھی ماہر فٹنیس ٹرینرز نے آن لائن تربیت کا آغاز کیا ہے۔

عام افراد اور پیشہ ور فٹنیس تربیت لینے والے افراد کی ایکسرسائیز میں فرق ہوتا ہے، اس لیے ماہر فٹنیس ٹرینرز نے عام افراد کو انتہائی آسان ورزشوں کو اپناتے ہوئے لاک ڈاؤن کے دوران خود کو صحت مند رکھنے کی ترکیبیں بتانا شروع کردی ہیں۔

پاکستان کے بڑے شہروں، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی طرح کراچی کے فٹنیس ٹرینرز نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے عام افراد کو گھروں تک محدود رہتے ہوئے خود کو صحت مند رکھنے کی ترکیبیں بتانا شروع کی ہیں۔

لاک ڈاؤن کے دوران گھروں تک محدود رہنے والے افراد کو ہلکی پھلکی اور آسان ورزشیں کرکے خود کو صحت مند رکھنے کی آن لائن تربیت دینے والے ٹرینرز میں معروف ٹرینر مبین عارف اور محمد منیر بھی شامل ہیں۔

فیس بک اور یوٹیوب کے ذریعے نہ صرف دونوں ٹرینرز لوگوں کو آسان ورزشیں کرنے کی تربیت دیتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ دونوں ٹرینرز ان افراد سے بھی آن لائن گفتگو کرتے ہیں جو ان کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خود کو صحت مند رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مبین عارف اور محمد منیر کی جانب سے آن لائن ایکسرسائیز کی تربیت کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی جانب سے بتائی گئی ورزش کو عام شخص بھی آسانی سے کرکے خود کو صحت مند رکھ سکتا ہے۔

دونوں ٹرینرز اگرچہ لاک ڈاؤن سے قبل بھی ورزش کے لیے آن لائن تربیت فراہم کرتے تھے تاہم اس وقت وہ صرف خاص افراد کو ہی یہ سہولت فراہم کررہے تھے لیکن گزشتہ ماہ 22 مارچ کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد انہوں نے سب کے لیے آن لائن تربیت کا آغاز کردیا۔

دونوں کی جانب سے آن لائن ورزش کی کلاسز کو پاکستان بھر میں دیکھا جا رہا ہے اور گھروں تک محدود رہنے والے افراد ان کی ہدایات پر عمل کرکے خود کو صحت مند رکھ رہے ہیں۔

مذکورہ دونوں ٹرینرز کی جانب سے بتائی گئی ورزش کو اس یوٹیوب لنک پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

ان دونوں ٹرینرز کے علاوہ دیگر پروفیشنل ٹرینرز کی جانب سے دی جانے والی کلاسز کی تفصیلات یہاں پڑھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں