• KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm
  • KHI: Maghrib 6:14pm Isha 7:29pm
  • LHR: Maghrib 5:41pm Isha 7:02pm
  • ISB: Maghrib 5:45pm Isha 7:08pm

وزیر اعظم عمران خان کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے پر رضامند

شائع April 21, 2020 اپ ڈیٹ April 23, 2020
وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایک شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایک شخص کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

وزیراعظم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ چند دن قبل وزیر اعظم کی ایک صاحب سے ملاقات ہوئی جن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تو بطور ذمے دار وزیر اعظم اور ذمے دار شہری ہمیں خوشی ہے کہ آپ نے کورونا کا ٹیسٹ کرانے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

مزید پڑھیں: ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کورونا وائرس کی تشخیص

ان کا کہنا تھا کہ اگر سارا ملک بیک وقت اکٹھا ہو کر وائرس کا مقابلہ کرے گا تو ہم اس پر بہتر طریقےسے قابو پا سکیں گے اور ہمیں امید ہے کہ شاید ہمارے اعداد و شمار وہاں نہ پہنچیں جن کا بہت سے دوسرے ملکوں کو سامنا ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ ہم نے 25 اپریل کے بارے میں تخمینہ لگایا تھا کہ 12 سے 15ہزار کے درمیان کیسز ہو سکتے ہیں اور موجودہ صورتحال میں ایسا لگتا ہے کہ ہم اس کے قریب قریب پہنچ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں ہماری صورتحال بہتر ہے لیکن اس صورتحال کو ہمیں برقرار رکھنا ہو گا جس کے لیے ضروری کے تمام تر احتیاط پر لازمی عمل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک میں وائرس پھیلا تو مساجد کو بند کرنا پڑے گا، وزیراعظم

یاد رہے کہ ملک کی بڑی فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا تھا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ فیصل ایدھی اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ ان کے ٹیسٹ کی جو رپورٹ سامنے آئی وہ بھی اسلام آباد کے ہسپتال کی ہی ہے۔

فیصل ایدھی کے صاحبزادے سعد ایدھی نے ڈان کو بتایا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد فیصل ایدھی میں وائرس کی علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: ملک میں 9565 افراد متاثر، اموات 200 سے زائد ہوگئیں

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 15 اپریل کو فیصل ایدھی وزیراعظم عمران خان سے بھی ملے تھے اور انہیں ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا۔

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے وزیراعظم کو یہ چیک کورونا وائرس ریلیف فنڈ کے لیے دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ ملک بھر میں ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اب تک ملک میں وائرس سے ساڑھے 9 ہزار افراد متاثر اور 200 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024