کورونا وائرس: ملک میں 23 ہزار 655 افراد متاثر، اموات 545 ہوگئیں

اپ ڈیٹ 07 مئ 2020
پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نئے کیسز کے بعد ملک میں مجموعی طور پر متاثرین کی تعداد 23655 تک پہنچ گئی جبکہ 545 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں وائرس کا پھیلاؤ اس تیزی سے جاری ہے کہ وہ دنیا کے ان 25 ممالک میں شامل ہوگیا جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔

اگرچہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس تقریباً ڈھائی ماہ قبل 26 فروری کو سامنے آیا تاہم ابتدائی ایک ماہ میں کیسز کی تعداد میں اس حد تک تیزی نہیں دیکھی گئی۔

بعد ازاں وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی دیکھنے میں آئی اور مارچ کے آخری چند روز اور پورے ماہ اپریل میں نہ صرف کیسز کی تعداد بڑھی بلکہ اموات میں بھی کافی اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار دیکھیں تو 26 فروری سے 26 مارچ تک ملک میں تقریباً 12 کیسز اور 9 اموات تھیں جو بعدازاں اپریل کے آخر تک 385 پہنچ گئیں جبکہ کیسز بھی ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

جس کے بعد رواں ماہ مئی میں اس وائرس کا پھیلاؤ مزید تیز ہوا اور تقریباً روزانہ ہی ہزار سے زائد کیسز سامنے آرہے ہیں۔

مئی کے گزشتہ 5 روز میں کیسز کی تعداد تقریباً ساڑھے 5 ہزار بڑھی جبکہ اسی عرصے میں 129 اموات بھی ہوئیں۔

آج (6 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں بھی بدھ کو مزید 451 کیسز اور 9 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں نئے کیسز کے بارے میں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 451 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 8 ہزار 640 ہوگئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9 افراد ک انتقال ہوا جس کے ساتھ صوبے میں مجموعی اموات 157 ہوگئیں۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 560 کیسز اور 12 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 8693 ہوگئی۔

ان کیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1926، 86 قیدی اور 5 ہزار 917 عام شہریوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 12 اموات ہوئیں جس سے مجموعی تعداد 156 ہوگئی جبکہ 25 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 21 نئے کیسز سامنے آگئے۔

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی تعداد 485 ہوگئی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز تک اسلام آباد میں کیسز کی تعداد 464 تھی۔

گلگت بلتستان

وہی گلگت بلتستان میں بھی کورونا نے مزید 14 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 372 سے بڑھ کر 386 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں اس وقت سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے 5 نئے کیسز سامنے آئے۔

ان نئے کیسز کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین تعداد 71 سے بڑھ کر 76 تک پہنچ گئی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران وائرس سے متاثرہ 213 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مریضوں کی مجموعی تعداد 3712 ہوگئی۔

ترجمان صوبائی محکمہ صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 203 ہوگئی۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس سے مزید ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 22 ہوگئی۔

علاوہ ازیں صوبے میں مزید 168 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 1663 ہوگئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا گیا کہ آج 793 ٹیسٹ رپورٹس موصول ہوئیں جن میں سے 168 مثبت اور 625 منفی نتائج سامنے آئے۔

فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متاثرہ 168 مین سے 153 کا تعلق کوئٹہ، 7 کا چمن، 4 کا پشین اور 4 کا تعلق لسبیلہ سے ہے۔

صحتیاب افراد

تاہم جس طرح یہ کیسز کا گراف بڑھ رہا ہے اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 416 مریضوں نے اس وائرس کو شکست دی۔

جس کے بعد اب تک ملک میں صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 6217 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

اس کے بعد اگر ملک کی ایک مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو ان 23655 مصدقہ مریضوں میں سے 6217 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 545 کی اموات ہوئی ہے، اس طرح ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 16ہزار 893 ہے۔

یوں ملک میں ایک روز میں اب تک کے ریکارڈ 1432 کیسز اور 31 اموات سامنے آئیں۔

صوبوں کے حساب سے پنجاب اور سندھ کے کیسز آگے پیچھے ہیں۔

سندھ میں اس وقت 8640 جبکہ پنجاب میں 8693 متاثرہ افراد ہیں۔

خیبرپختونخوا میں یہ تعداد 3712 جبکہ بلوچستان میں 1663 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں 485، گلگت بلتستان میں 386 جبکہ آزاد کشمیر میں 76 لوگ وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

اموات کے حساب سے سب سے آگے خیبرپختونخوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 203

  • سندھ: 157

  • پنجاب: 156

  • بلوچستان: 22

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 23 ہزار سے زائد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 450 سے تجاوز کرگئی جو کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں