پنجاب بھر میں ہسپتالوں کے 54 فیصد بستر کورونا مریضوں کے زیراستعمال

اپ ڈیٹ 09 مئ 2020
پنجاب میں ایک ہفتے میں کیسز کی تعداد میں بہت تیزی آئی ہے—فائل فوٹو: ڈان
پنجاب میں ایک ہفتے میں کیسز کی تعداد میں بہت تیزی آئی ہے—فائل فوٹو: ڈان

لاہور: پنجاب بھر میں کووڈ 19 (کورونا وائرس) کے مصدقہ کیسز میں تیزی سے اضافے نے ریاستی صحت کی سہولیات پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے اور صوبے میں ایسے مریضوں کے زیر استعمال بستروں کی شرح کو 54 فیصد تک پہنچا دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو ہفتے یا اس سے زائد کے دوران وائرس کی تیزی سے منتقلی کے باعث اس شرح میں اضافہ دیکھا گیا۔

محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ سرکاری اعداد و شمار ایک تشویشناک صورتحال کو بیان کر رہے ہیں چونکہ گزشتہ 7 روز میں صوبے میں 3 ہزار 693 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی روک تھام : پنجاب میں چین جیسا حیران کن کام ممکن بنالیا گیا

یہاں یہ واضح رہے کہ 15 مارچ کو پنجاب میں پہلے کورونا کیس کے سامنے آنے کے بعد سے ایک ماہ میں 3 ہزار 686 مثبت مریض رپورٹ ہوئے تھے۔

صوبے کے زیادہ تر مصدقہ کیسز کی لاہور میں دیکھ بھال کی جارہی جہاں ایکسپو سینٹر میں قائم 1000 بستروں کے فیلڈ ہسپتال میں 450 مریض 45 فیصد بستروں کا استعمال کر رہے ہیں۔

اسی طرح میو ہسپتال میں 420 مریض (70 فیصد بستروں کا استعمال) جبکہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں 100 مریض (100 فیصد بستروں کا استعمال) کر رہے ہیں۔

صحت کے حکام کا ماننا ہے کہ اگر اسی شرح سے کیسز میں اضافہ ہوتا رہا تو یہ بستروں کے استعمال کی شرح آئندہ 2 ہفتوں میں 80 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ادھر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) نے کورونا وائرس کے مریضوں اور اموات میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پی ایم اے کے سیکریٹری ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا تھا کہ ہم شدید پریشان ہیں کہ کس طرح مستقبل میں ہمارے ہسپتال کورونا مریضوں کا دباؤ برداشت کریں گے کیونکہ وائرس کی منتقلی کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خامیوں کو دور کرنے اور کورونا مریضوں کے لیے مزید جگہ بنانے کے لے لیے موجود نظام صحت پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

ادھر پنجاب کے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان نے جمعہ کو حالیہ رپورٹ شیئر کرتے ہوئے صوبے میں ریکارڈ 961 نئے مصدقہ مریضوں کی تصدیق کی، یہ صوبے میں وائرس کے آنے کے بعد سے ایک روز میں کیسز کی سب سے بڑی تعداد تھی۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے صوبے میں تمام ٹیچنگ، ڈسٹرکٹ اور دیگر فیلڈ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے 7 ہزار 753 بستر مختصد کیے ہیں، جس میں سے 4 ہزار 239 مریضوں کے زیر استعمال ہیں۔

ادھر پنجاب کے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (ایس ایچ اینڈ ایم ای ڈی) کے ایڈیشنل سیکریٹری (ڈیولپمنٹ) نادر چھٹھا کا کہنا تھا اس ڈیپارٹمنٹ میں آنے والے تمام ٹیچنگ اور فیلڈ ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے 6 ہزار 744 بستر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کسی وضاحت کے بغیر کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی

ان کا کہنا تھا کہ ان میں سے 3 ہزار 370 ٹیچنگ ہسپتالوں جبکہ 3 ہزار 374 فیلڈ ہسپتالوں کے لیے مختص ہیں، تاہم مجموعی طور پر موجود ان 6 ہزار 744 بستروں میں سے 2 ہزار 261 (34 فیصد) مریضوں کی جانب سے استعمال کیے جارہے ہیں۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم آنے والے دنوں میں مزید 984 بستروں کی دستیابی کو یقینی بنانے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ جمعہ 8 مئی تک پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 ہزار 33 ہوگئی تھی جس میں لاہور کے 3 ہزار 856 کیسز بھی شامل تھے۔

حیران کن طور پر محکمہ صحت نے کہا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں کورونا وائرس سے صرف ایک مریض (مظفر گڑھ) میں انتقال کرگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں