کورونا وائرس: ملک میں مزید 889 کیسز، پنجاب میں کوئی نئی ہلاکت سامنے نہیں آئی

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2020
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ابھی تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 74 ہزار 915 ہوگئی ہے جس میں سے 5 ہزار 855 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 41 ہزار 26 افراد صحتیاب بھی ہوگئے ہیں۔

ملک میں آج 27 جولائی کو کورونا وائرس کے مزید 889 مریض اور 15 اموات رپورٹ ہوئیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سے کسی موت کی تصدیق نہیں ہوئی۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات رپورٹ ہونے کے آغاز سے کے بعد سے یہ پہلی مرتبہ ہے کسی روز صوبے میں کورونا وائرس سے کوئی موت نہ ہوئی ہو۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی حالیہ صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے تاہم حکام عیدالاضحیٰ کے موقع پر احتیاط نہ کرنے پر کیسز بڑھنے سے خبردار کرچکے ہیں۔

اگر ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو 5 ماہ کے اس عرصے میں جون کا مہینہ کیسز کے حساب سے سب سے زیادہ تشویشناک رہا، جہاں ایک ماہ کے عرصے میں ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد کیسز اور 28سو کے قریب اموات رپورٹ ہوئیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں کیسز کی یومیہ تعداد کچھ حد تک کم ہوئی اور گزشتہ 26 روز کے دوران 62 ہزار کیسز اور 1500 اموات کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

آج 27 جولائی کو بھی ملک میں کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 513 کیسز اور 11 اموات کا اضافہ ہوا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں یومیہ اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار 742 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 513 کے نتائج مثبت آئے، جس سے مجموعی کیسز ایک لاکھ 18 ہزار 824 ہوگئے۔

اس کے علاوہ صوبے میں مزید 11 اموات سے مجموعی تعداد 2 ہزار 162 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس نے مزید 172 افراد کو متاثر کیا جبکہ خوش قسمتی سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے میں کورونا وائرس سے کوئی موت نہ ہونا امید کی کرن ہے۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 172 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد 92 ہزار 73 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 43 افراد کو متاثر کیا اور ایک فرد کی جان لی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 43 نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز 14 ہزار 884 ہوگئی۔

اسی طرح ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 164 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 113 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 33 ہزار 510 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 1180 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 11 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والے متاثرین کی تعداد 11 رہی جس کے بعد مجموعی کیسز 2 ہزار 34 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں مزید 37 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے اور ایک فرد انتقال کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 37 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں کیسز کی تعداد ایک ہزار 989 ہوگئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کے بعد مجموعی اموات 48 تک پہنچ گئیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 592 افراد شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 3 ہزار 592 افراد کے شفایاب ہونے سے مجموعی تعداد 2 لاکھ 41 ہزار 26 تک پہنچ گئی جو 87 فیصد سے زائد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 274915

اموات: 5855

صحتیاب: 241026

فعال کیسز: 28034

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 18 ہزار 824 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 92 ہزار 73 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 33 ہزار 510 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 601 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 884، آزاد کشمیر میں 2034 اور گلگت بلتستان 1989 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2162

پنجاب: 2116

خیبرپختونخوا: 1180

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 164

آزاد کشمیر: 49

گلگت بلتستان: 48


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 74 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں