پاکستان میں کورونا وائرس بے اثر، مصدقہ کیسز میں سے 92 فیصد صحتیاب

اپ ڈیٹ 13 اگست 2020
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: فضل خالق
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے—فائل فوٹو: فضل خالق

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 711 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 12 افراد کا انتقال ہوا اور 1947مریض صحتیاب ہوگئے۔

ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 470 ہے جس میں سے 2 لاکھ 63 ہزار 193 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 136 کا انتقال ہوا ہے۔

اگر فیصد کے حساب سے دیکھیں تو ملک میں 92 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ تقریباً 6 فیصد فعال کیسز اور 2 فیصد کے لگ بھگ اموات ہوئی ہیں۔

ہرگزرتے دن کے ساتھ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتر ہورہی ہے تاہم حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو یہ وبا دوبارہ بڑھ سکتی ہے، اسی سلسلے میں انہوں نے یوم آزادی اور محرم الحرام کے لیے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) تیار کیے ہیں تاکہ اس پر عمل کیا جائے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا اور اس وبا کو ساڑھے 5 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس وقت کے دوران ملک میں کورونا کیسز میں وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوا اور جون کا مہینہ اب تک کا سب سے تشویشناک مہینہ ثابت ہوا، تاہم جولائی میں یومیہ کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

آج ( 12 اگست) کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 373 نئے کیسز اور 7 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 ہزار 870 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 373 کے نتائج مثبت آئے اور اس طرح مجموعی کیسز کی تعدا ایک لاکھ 24 ہزار 929 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں 7 اموات بھی ہوئی جس سے مجموعی تعداد 2 ہزار 297 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں 129 اور اموات میں 3 کا اضافہ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 129 تھی، جس کے بعد مجموعی کیسز 94 ہزار 715 ہوگئے۔

اسی طرح مزید 3 افراد کے انتقال کرنے نے صوبے میں اموات کی تعداد کو 2 ہزار 177 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا سے مزید 15 افراد متاثر اور ایک کا انتقال ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں سامنے آنے والے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 15 ہزار 296 ہوگئی۔

مزید برآں ایک اور فرد کی جان جانے سے اموات کی مجموعی تعداد 172 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 88 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 34 ہزار 947 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کو وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 1235 پر برقرار ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے وبا کے 88 مزید کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں وائرس سے متاثرین کی تعداد 12 ہزار 44 ہوگئی۔

صوبے میں آج بھی کورونا سے وائرس سے کوئی نئی ہلاکت نہیں ہوئی اور جاں بحق مریضوں کی تعداد 138 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں اس وبا نے 11 افراد کو متاثر کیا اور ایک کی جان لی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں سامنے آئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 382 ہوگئی۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کی وجہ سے وہاں ایک فرد کا انتقال بھی ہوا اور یہ تعداد 58 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 7 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے 7 کیسز نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 157 تک پہنچ گئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں مریضوں میں اضافے کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اب تک 92 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 1947 مریض صحتیاب ہوئے اور اس طرح مجموعی تعداد 2 لاکھ 63 ہزار 193 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 286470

اموات: 6136

صحتیاب: 263193

فعال کیسز: 17141

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 24 ہزار 929 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 715 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 947 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 44 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 296، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 157 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 382 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2297

پنجاب: 2177

خیبرپختونخوا: 1235

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 172

آزاد کشمیر: 59

گلگت بلتستان: 58


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں