کورونا وبا: ملک میں 92 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 17 ہزار سے کم

پاکستان میں مارکیٹوں کی رونقیں بحال ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں مارکیٹوں کی رونقیں بحال ہوچکی ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں کو متاثر اور لاکھوں لوگوں کی جان لینے والی عالمی وبا کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ جاری ہے تاہم اس کے یومیہ کیسز میں بڑی حد تک کمی ہوگئی ہے۔

ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 126 ** ہے جس میں سے **2 لاکھ 64 ہزار 60 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 150 لقمہ اجل بنے ہیں۔

آج (13 اگست) کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 656 اور اموات میں 14 کا اضافہ ہوا جبکہ 867 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں یہ عالمی وبا خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں آخر میں آئی تھی اور 26 فروری 2020 کو پہلا کیس کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔

جس کے بعد اس کے کیسز میں بتدریج اضافہ دیکھا گیا اور مئی اور جون اس وبا کے تشویشناک ثابت ہوئے اور ملک میں یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ ہونے لگیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں یہ اعداد و شمار کم ہونا شروع ہوئے اور اس ماہ کے آخر اور اگست میں یومیہ کیسز کی صورتحال تبدیل ہوگئی۔

ملک میں کیسز کی کمی اور صورتحال کی بہتری کے ساتھ ہی لاک ڈاؤن کے تحت عائد کی گئی پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئیں تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز بند رکھنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا۔

اسی کے ساتھ ہی حکام اس بات سے بھی خبردار کر رہے ہیں کہ اگر احتیاط نہ برتی گئی تو یہ وبا دوبارہ پھیل سکتی ہے۔

آج (13 اگست) کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 360 نئے کیسز اور 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 754 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 360 کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز ایک لاکھ 25 ہزار 289 ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 10 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے اور اس طرح مجموعی اموات 2 ہزار 307 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں یہ عالمی وبا مزید 150 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ 2 افراد کی موت کا باعث بنی۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق 150 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 94 ہزار 865 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرنے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 179 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا 27 افراد کو متاثر کرگئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 27 افراد کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 323 ہوگئی۔

علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 173 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وبا کے 20 مریض سامنے آئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد گلگت بلتستان میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 402 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں آزاد کشمیر وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والا علاقہ ہے جہاں کیسز کی تعداد میں مزید 7 کا اضافہ ہوا۔

یوں آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 ہزار 164 تک جاپہنچی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں کورونا کے مزید 74 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 35 ہزار 21 تک پہنچ گئی ہے۔

محمکہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک متاثرہ شہری جاں بحق ہوا اور ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 236 ہوگئی۔

خیبرپختونخوا میں کورونا سے نجات پانے والے افراد کی تعداد میں 69 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 32 ہزار 317 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

بلوچستان میں کورونا وائرس کے مزید 18 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 12 ہزار 62 ہوگئی ہے۔

بلوچستان کے محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سےکوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ صوبےمیں کورونا سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 138 ہے۔

صحتیاب افراد

کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 867 افراد شفاپاگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد اب تک شفاپانے والوں کی تعداد 2 لاکھ 64 ہزار 60 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 92 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 287126

اموات: 6150

صحتیاب: 264060

فعال کیسز: 16821

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 25 ہزار 289 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 865 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 21 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 62 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 323، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 164 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 402 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2307

پنجاب: 2179

خیبرپختونخوا: 1236

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 59

گلگت بلتستان: 58


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں