پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 215 صحتیاب

اپ ڈیٹ 15 اگست 2020

ای میل

ملک میں 14 اگست کورونا وائرس کے دوران منائی جارہی ہے—فوٹو: اے پی
ملک میں 14 اگست کورونا وائرس کے دوران منائی جارہی ہے—فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب بڑھ رہی ہے اور اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 795 کیسز میں سے 2 لاکھ 65 ہزار 215 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6 ہزار 161 ہے۔

ملک میں آج (14 اگست) کو 669 نئے کیسز اور 11 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک ہزار 155 افراد شفایاب بھی ہوگئے۔

کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے خاتمے اور اس کے تحت عائد پابندیاں بڑی حد تک کم ہونے کے باعث قوم آج یوم آزادی کو جوش و خروش سے منا رہی ہے، تاہم حکام کی جانب سے یہ خبردار کیا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) پر عمل نہ کیا تو یہ وبا دوبارہ تیزی سے پھیل سکتی ہے۔

اگر ملک میں اب تک کی مجموعی صورتحال یا کورونا کے ان ساڑھے 5 ماہ پر نظر دوڑائیں تو 26 فروری کو کراچی میں پہلے کیس کے بعد ابتدائی ایک ماہ اس کے کیسز کی تعداد کافی کم تھی۔

تاہم اپریل میں یہ کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور پھر مئی میں اس کی صورتحال تبدیل ہونے لگی جبکہ جون کے مہینے میں یہ وائر اپنی بلندی کو پہنچ گیا اور یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی جبکہ ایک روز میں 100 سے زیادہ اموات بھی ہوئیں۔

تاہم جولائی کے مہینے میں ایک مرتبہ پھر صورتحال بہتری کی جانب آنا شروع ہوئی، یومیہ کیسز اور اموات میں کمی دیکھی گئی اور پھر اگست میں اس میں بڑی حد تک کمی ہوگئی۔

اگست میں یومیہ کیسز ہزاروں سے کم ہوکر سیکڑوں میں ہوگئے جبکہ اموات بھی سیکڑوں سے کم ہوکر درجنوں تک آگئیں۔

آج (14 اگست) کی بات کریں تو نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 343 نئے کیسز اور 6 افراد کی موت کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ ہاؤس سندھ سے جاری یومیہ بیان کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 632 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 6 افراد کے انتقال کرجانے سے اموات 2 ہزار 313 تک جا پہنچیں۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے میں کورونا وائرس کے 128 نئے مریضوں اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 993 ہوگئی۔

اسی طرح ایک اور فرد کے جان کی بازی ہارنے سے اموات کی یہ تعداد 2 ہزار 180 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وبا مزید 19 لوگوں کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار پر نظر ڈورانے سے معلوم ہوتا ہے کہ دارالحکومت میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 342 ہوگئی ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 70 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 91 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں وائرس سے اموات کی تعداد بڑھ کر 1238 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے وبا کے 82 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 144 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی اور اموات 138 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس 24 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں گلگت بلتستان میں 24 مریضوں کی تشخیص ہوئی اور اس طرح مجموعی کیسز 2 ہزار 426 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے باعث کورونا سے اموات کی تعداد 60 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں یہ وائرس گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لوگوں کو متاثر کرسکا۔

یوں وہاں اب تک اس عالمی وبا کے شکار ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 167 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی ایک بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کے 92 فیصد افراد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس میں 1155 نئے افراد کا اضافہ بھی ہوا ہے۔

جس کے بعد اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 215 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 287795

اموات: 6161

صحتیاب: 265215

فعال کیسز: 16419

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 25 ہزار 632 ہیں جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 993 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 91 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 144 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 342 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 167 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 426 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2313

پنجاب: 2180

خیبرپختونخوا: 1238

بلوچستان: 138

اسلام آباد: 173

آزاد کشمیر: 59

گلگت بلتستان: 60


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔