پاکستان میں کورونا کے 2 لاکھ 90 ہزار سے زائد مریضوں میں سے 93 فیصد صحتیاب

اپ ڈیٹ 20 اگست 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہیں اور اب تک مصدقہ 2 لاکھ 90 ہزار 862 کیسز میں سے 2 لاکھ 72 ہزار 128 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 6207 ہے۔

ملک میں آج 19 اگست کو کورونا وائرس کے مزید 599 کیسز اور 8 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 ہزار 119 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

یاد رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد تعلیمی اداروں کی بندش سمیت مختلف پابندیاں لگائی گئی تھیں۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان پابندیوں کے باعث معاشی صورتحال میں بھی بگڑ رہی تھی جس کے باعث مختلف شعبوں کو کھولنے اور اسمارٹ لاک ڈاؤن کے طریقہ کار کو اپنایا گیا۔

بعد ازاں جون کے مہینے میں یہ وائرس پاکستان میں اپنی بلندیوں تک پہنچا اور یومیہ 6 ہزار کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگیں تاہم جولائی میں صورتحال بہتری کی سمت پر گامزن ہوگئی۔

اگست میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے اور اب یومیہ کیسز اور اموات میں کمی آرہی ہے۔

آج 19 اگست کو ملک میں صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 317 نئے کیسز اور 6 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 317 افراد ایسے تھے جن میں وائرس کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسز ایک لاکھ 27 ہزار 60 ہوگئے۔

اس کے علاوہ 6 افراد کے انتقال نے اموات کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 342 تک پہنچا دیا۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 131 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 95 ہزار 475 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے صوبے میں اموات کی تعداد 2 ہزار 186 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 11 لوگوں کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 11 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں کیسز 15 ہزار 412 تک پہنچ گئے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 33 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 12 ہزار 403 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کے روز وائرس سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی، یوں بلوچستان میں وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 139 پر برقرار ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے وبا کے مزید 67 کیسز رپورٹ کیے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 35 ہزار 468 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا میں وائرس سے مزید کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، اس طرح یہاں اموات کی تعداد 1242 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 27 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 565 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں اموات 62 ہوگئیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 13 افراد متاثر ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 13 افراد کے متاثر ہونے سے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 212 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کیسز میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے اور اب تک ملک میں 93 فیصد سے زائد مریض شفاپاچکے ہیں

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 119 مریض شفایاب ہوگئے، جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 72 ہزار 128 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 290862

اموات: 6207

صحتیاب: 272128

فعال کیسز: 12527

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 27 ہزار 60 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 95 ہزار 743 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 35 ہزار 468 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 403 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 412، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 212 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 565 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

سندھ: 2342

پنجاب: 2186

خیبرپختونخوا: 1242

بلوچستان: 139

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 61

گلگت بلتستان: 62


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 89 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں