ملک بھر میں 4 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز

اپ ڈیٹ 21 ستمبر 2020
رواں برس کے دوران ملک میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
رواں برس کے دوران ملک میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں—فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

ملک بھر میں آج (پیر) سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا جس کے دوران 2 لاکھ 75 ہزار ورکرز 5 سال تک کی عمر کے 4 کروڑ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گے۔

اس ضمن میں ایک ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے والدین سے درخواست کی کہ پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے پولیو ٹیمز کے ساتھ تعاون کریں۔

پاکستان پولیو ایریڈکیشن پروگرام کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ فروری کے بعد پہلی ملک گیر انسداد پولیو مہم ہے جو 21 ستمبر سے 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ رواں برس کے دوران ملک میں اب تک پولیو کے 73 نئے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ گزشتہ برس پولیس کے 147 کیسز سامنے آئے اور 2018 میں یہ تعداد 12 تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے لاکھوں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسین کی فراہمی واحد حل

صوبائی اعدادو شمار کے مطابق خیبرپختونخوا اور سندھ میں اب تک 22، 22 کیسز سامنے آچکے ہیں، بلوچستان میں کیسز کی تعداد 20 ہے جبکہ پنجاب میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔

خیال رہےکہ پولیو ایک انتہائی متعدی مرض ہے جو پولیو وائرس سے ہوتا ہے اور 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر حملہ آور ہو کر فالج اور موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

پولیو کا کوئی علاج نہیں اور ویکسینیشن ہی بچوں کو اس سنگین بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے مؤثر طریقہ ہے۔

متعدد مرتبہ ویکسینیشن سے لاکھوں بچے پولیو سے محفوظ ہوچکے ہیں اور دنیا کے تقریباً تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

دنیا میں اب صرف دو ممالک پاکستان اور افغانستان ہیں، جہاں اس بیماری کے کیسز اب بھی رپورٹ ہوتے ہیں۔

بلوچستان میں ایک اور کیس رپورٹ

دوسری جانب ملک بھر میں پولیو مہم کے نئے مرحلے سے ایک روز قبل ہی بلوچستان میں اس معذور کردینے والی بیماری کا نیا کیس سامنے آگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق قومی ادارہ صحت کے عہدیدار کے مطابق ضلع کوئٹہ کی تحصیل چلتن کی یونین کوسنل احمد خانزئی کے رہائشی 7 ماہ کا بچہ پولیو وائرس کا شکار بنا۔

مزید پڑھیں: انسدادِ پولیو، پاکستان میں ایک خطرناک مہم

انہوں نے بتایا کہ بچے کی دائیں ٹانگ مفلوج ہوچکی ہے اور اہل خانہ کی سماجی و معاشی حالت اچھی نہیں ہے'۔

ڈان اخبار کی ایک علیحدہ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے کوآرڈنیٹر آف ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) راشد رزاق نے کہا کہ صوبے کے تمام 33 اضلاع میں 4 روزہ پولیو مہم پیر (آج) سے شروع ہورہی ہے۔

اس مہم کا آغاز حکومت بلوچستان اور ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے مشترکہ طور پر کیا جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 25 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطے پلائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مہم میں 10 ہزار 585 ٹیمز حصہ لے رہی ہیں جن میں سے 8 ہزار 988 موبائل ٹیمز گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائیں گی جبکہ 941 ٹیمز شہروں میں قائم کیپمس میں تعینات ہوں گی بقیہ 594 ٹیمز صوبائی سرحدوں پر تعینات ہوں گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں