سنجے دت کی کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق

اپ ڈیٹ 15 اکتوبر 2020
اداکار  نے اگست میں صحت کے مسائل کے باعث فلمی دنیا سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا— فوٹو: ڈی این اے انڈیا
اداکار نے اگست میں صحت کے مسائل کے باعث فلمی دنیا سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا— فوٹو: ڈی این اے انڈیا

بولی وڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے اور بعدازاں ان کی کیموتھراپی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں جس کے بعد اب خود سنجے دت نے کینسر کا شکار ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

اداکار سنجے دت نے اگست میں صحت کے مسائل کے باعث فلمی دنیا سے وقفہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل اداکار یا ان کے خاندان نے تو ان کی بیماری کے حوالے سے کچھ بھی کھل کر نہیں بتایا تھا مگر میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

حال ہی میں سنجے دت کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس نے ان کے مداحوں کو پریشان کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: سنجے دت کی نئی تصویر پر مداح تشویش کا شکار

سنجے دت اپنی اہلیہ منائتا دت اور بچوں سے ملنے کے لیے کچھ دن قبل چارٹرڈ فلائٹ پر دبئی پہنچے تھے اور یہ تصویر بھی ممکنہ طور پر وہاں کی ہی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

وائرل ہونے والی تصویر میں سنجے دت بہت زیادہ کمزور نظر آرہے تھے اور اس کی وجہ سے مداحوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے اداکار کی جلد صحتیابی کی دعائیں کی ہیں۔

اب سنجے دت نے پہلی مرتبہ خود کینسر کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن انہوں نے کینسر کی نوعیت اور اسٹیج سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

تاہم سنجو بابا پُرامید ہیں کہ وہ جلد صحتیاب ہوں گے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام پر سیلیبریٹی ہیئراسٹائلسٹ عالم حاکم نے سنجے دت کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ میں جلد کینسر سے صحتیاب ہوجاؤں گا۔

ویڈیو میں سنجے دت نے کیمرا مین کو اپنے چہرے کے قریب کیمرا لانے کا کہا اور اپنی پیشانی کی طرف موجود داغ کی نشاندہی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر کا شکار سنجے دت کی پہلی کیموتھراپی مکمل

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے کہا کہ اگر آپ یہ دیکھیں، یہ میری زندگی کا حالیہ داغ ہے لیکن میں اسے شکست دوں گا، میں جلد ہی اس کینسر سے آزاد ہوجاؤں گا۔

سنجے دت نے اپنے آنے والے منصوبوں کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ وہ لاک ڈاؤن کے بعد دوبارہ کام کرنے پر خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھر سے باہر رہنا ہمیشہ اچھا ہے، میں کے جی ایف 2 کے اس (داڑھی) کو بڑھارہا ہوں، ہم نومبر میں شوٹنگ شروع ہورہی ہے، میں دوبارہ سیٹ پر واپس آنے پر خوش ہوں۔

سنجے دت نے ویڈیو میں مزید کہا کہ کل شمشیرا فلم کی بھی ڈبنگ ہے تو وہاں پر بھی مزا آئے گا۔

یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سنجے دت سانس لینے میں مشکلات کی شکایت پر ہسپتال میں داخل

ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔

جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔

ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اداکاار کو کینسر کا مرض لاحق ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔

سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ان کی فلم سڑک 2 ریلیز ہونے کے بعد بری طرح ناکام ہوئی اور وہ مستقبل قریب میں بھوج اور تورباز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جبکہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔

جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت '3 ماہ بعد' فلم مکمل کریں گے۔

علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔

— فائل فوٹو:اے ایف پی
— فائل فوٹو:اے ایف پی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں