لاہور: حفیظ سینٹر میں آتشزدگی سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2020
آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جس نے تیسری اور چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا — تصویر: ڈان نیوز
آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جس نے تیسری اور چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا — تصویر: ڈان نیوز

لاہور کے معروف شاپنگ مال حفیظ سینٹر میں شارٹ سرکٹ کے باعث ہونے والی آتشزدگی سے درجنوں دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

آگ عمارت کی دوسری منزل پر لگی جس نے بعد ازاں تیسری اور چوتھی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور 6 گھنٹے سے زائد کا وقت گزرنے کے باجود اس پر مکمل قابو پا لیا گیا۔

اس حوالے سے ڈی جی ریسکیو نے تصدیق کی کہ آرمی، رینجرز، واسا اور پی ایچ اے کی مشترکہ کاروائیوں کے باعث آگ پر قابو پایا گیا لیکن کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔

مزیدپڑھیں: یہ بھی پڑھیں: لاہور: فیکٹری میں سلنڈر پھٹنے سے آتشزدگی، 11 افراد جاں بحق

انہوں نے آتشزدگی سے متعلق تفصیلات بتائیں کہ 6 بجکر 11 منٹ پر کال موصول ہوئی اور ہمارے اندازے کے مطابق آگ کال موصول ہونے سے 3 گھنٹے قبل لگی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ سے تقریباً 30 فیصد عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ پچھلے حصے پر آگ نہیں پہنچ سکی۔

انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور اگر عمارت میں فائر الارم ہوتا ہوتا اتنا تقصان نہ ہوتا۔

ڈی جی ریسکیو نے کہا کہ عمارت کے اندر آتشگیر مادہ تھا اور بیٹریاں پھٹنے کی وجہ سے آگ زیادہ بھڑکی۔

آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، کمشنر لاہور

کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن نے اس حوالے سے بتایا کہ ابتدائی معلومات کی بنا پر خدشہ ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے، پوری انتظامی مشینری یہاں اپنی نگرانی میں ریکسیو آپریشن کروارہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور آگ بجھانے کی کارروائیوں کی خود نگرانی کی، اس موقع پر ریسکیو 1122 نے انہیں آگ بجھانے کے آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ آگ پر بڑی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور جن مقامات پر اب بھی شعلے بھڑک رہے ہیں انہیں بجھانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی 33 گاڑیاں آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا واقعہ کی تحقیقات کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے حفیظ سینٹر میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے حفیظ سنٹر میں آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: لاہور: آتشزدگی میں ہلاک افراد کی لاشیں ورثا کے سپرد

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور ریسکیو 1122 آگ پر قابو پانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں، پھنسے ہوئے افراد کو بحفاظت نکالنا پہلی ترجیح ہے۔

کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن نے ڈپٹی کمشنر لاہور کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے کر 24 گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

کمیٹی میں ڈی سی لاہور کے علاوہ جس میں میونسپل کارپوریشن لاہور، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے افسران شامل ہیں۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ پلاسٹک اور کیمیکلز کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی تاہم حتمی وجوہات رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں