اپوزیشن جان لے کہ آپ سب کا مقابلہ مجھ سے ہے، عمران خان

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2020
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے فوج کے خلاف بھارتی زبان بولنے لگے — فوٹو: پی آئی ڈی
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اپنی چوری بچانے کے لیے فوج کے خلاف بھارتی زبان بولنے لگے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیر اعظم عمران خان نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو سرکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے 30 سال اس ملک کو لوٹا اور یہ لوگ امیر سے امیر تر جبکہ غریب غریب تر ہوتے چلے گئے۔

حافظ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ملکی قانون سے اپوزیشن رہنماؤں کو خطرہ نہیں تھا لیکن اب انہیں مشکل کا سامنا ہے اور یہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: خواہش ہے پاکستان وہ ملک بنے جسے قرض نہ لینا پڑے، عمران خان

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کے دور میں نیب غلام تھی لیکن ہمارے دور میں آزاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مجھے اس لیے بلیک میل کر رہی ہے تاکہ میں نیب ختم کردوں اور ان کی چوری چھپ جائے۔

عمران خان نے لندن میں زیر علاج مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے حوالے سے کہا کہ وہ جیسے ہی لندن پہنچے صحتیاب ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اپوزیشن جان لے کہ آپ سب کا مقابلہ مجھ سے ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے معاملے پر اپوزیشن نے سوچا کہ حکومت کو دباؤ میں لا کر نیب کو ختم کرا دیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جب نیب کو ختم نہ کرنے کا فیصلہ کیا تو انہوں نے عدلیہ اور ساتھ ہی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان، فروغ نسیم اور شہزاد اکبر، جسٹس عیسیٰ ریفرنس کے ذمہ دار قرار

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف پر حملہ پوری فوج پر حملہ ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے کہ فوج بغاوت کردے یعنی ہماری فوج تباہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اس حد تک پہنچ گئے کہ اپنی چوری بچانے کے لیے فوج کے خلاف بھارتی زبان بولنے لگے لیکن اس سے میرا عزم مزید مضبوط ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہاری طرح میر جعفر، میر صادق اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما ایاز صادق، ان کو قانون کے دائرے میں لے کر آؤں گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا امسال تک 50 فیصد لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حافظ آباد یونیورسٹی اور ضلعی ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ دونوں آپ کی ضرورت ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے صنعتی شعبے کے لیے بڑا اعلان کردیا

عمران خان نے کہا کہ 2021 تک پنجاب کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ملے گا اور ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت ہوگی، جبکہ حافظ آباد جیسے علاقوں میں نجی ہسپتال بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا کام شروع ہو چکا ہے جبکہ امیر ترین ملکوں میں بھی یہ ہیلتھ سروس نہیں جو پاکستان میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو حکومت دوبارہ اس لیے ملی کیونکہ وہاں غربت 28 فیصد سے کم ہو کر 18 فیصد ہوگئی تھی۔

وزیرا عظم نے کہا کہ بڑے لوگوں نے روٹی، کپڑا اور مکان کی بات کی لیکن ہم نے پہلی مرتبہ لوگوں کو مکان دیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں