کورونا وائرس: ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح دگنی ہوگئی

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2020
طلبہ میں کووِڈ 19 کی شرح 19 فیصد ریکارڈ کی گئی—تصویر: ریڈیو پاکستان
طلبہ میں کووِڈ 19 کی شرح 19 فیصد ریکارڈ کی گئی—تصویر: ریڈیو پاکستان

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ 2 ہفتے کے دوران ملک میں کووِڈ 19 کے باعث ہسپتالوں میں مریضوں کے داخلے کی شرح دگنی ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز کے مثبت آنے کی شرح 7.46 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق 22 نومبر کو ملک میں 2 ہزار 756 کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے نتیجے میں مثبت کیسز کی شرح 7.46 فیصد ہوگئی۔

این سے او سی کو بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں کووِڈ 19 کی مثبت شرح سب سے بلند 11.45 فیصد ہے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں 9.8 فیصد، سندھ میں 9.63 فیصد، بلوچستان میں 7.73 فیصد اور گلگت بلتستان میں یہ شرح 5.23 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا کی دوسری لہر: پاکستان میں مزید 2 ہزار 756 افراد متاثر، فعال کیسز 38ہزار سے زائد

پورے ملک میں کیسز کے مثبت آنے کی کم ترین شرح 3.95 فیصد پنجاب میں ہے۔

بیان کے مطابق این سی او سی کو یہ بھی بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں راولپنڈی، ملتان، لاہور اور فیصل آباد، صوبہ سندھ میں کراچی اور حیدرآباد، صوبہ خیبرپختونخوا میں سوات اور ایبٹ آباد، آزاد کشمیر میں میر پور جبکہ گلگت اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پاکستان کے متعدد شہروں میں انفیکشنز میں اضافہ ہوا ہے۔

علاوہ ازیں ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی سامنے آنے والے انفیکشنز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور طلبہ میں کورونا وائرس کی شرح 19 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تعلیمی اداروں میں کیسز کی مثبت شرح 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر: حکومت سندھ ایس او پیز پر سختی کے حوالے سے تذبذب کا شکار

قبل ازیں رواں ماہ کے دوران ملک میں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 3 ماہ کے عرصے کے بعد 5 فیصد سے تجاوز کر گئی تھی۔

پاکستان میں کیسز کے مثبت آنے کی شرح جون میں سب سے بلند یعنی 23 فیصد تک پہنچ گئی تھی جبکہ مئی میں یہ 6 فیصد تھی تاہم ستمبر میں یہ شرح 1.7 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں کورونا وائرس خاص طور پر تعلیمی اداروں میں کیسز کی شرح میں اضافے کو دیکھتے ہوئے حکومت نے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو 26 نومبر سے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم اس دوران گھروں سے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

حکام کا کہنا تھا کہ دسمبر کے دوران ہونے والے امتحانات کو بھی ملتوی کردیا گیا اور اب یہ 15 جنوری یا اس کے بعد ہوں گے، تاہم اس میں کچھ ایسے امتحانات ہیں جو جاری رہیں گے۔

اس حوالے سے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کچھ انٹرنس امتحانات جیسے ایم ڈی کیٹ وغیرہ، جو انٹری کے لیے ہیں، وہ معمول کے مطابق جاری رہیں گے کیونکہ ان کا ایس او پیز اور ماسک کے ساتھ انتظام کرنا ممکن ہے اور اسے احتیاط کے ساتھ منعقد کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں