میرپور میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 22 فیصد، کراچی میں 17.39 فیصد ریکارڈ

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2020
پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اضافہ دیکھا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں مثبت کیسز کی شرح میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اضافہ دیکھا گیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.94 فیصد تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی سب سے زیادہ شرح آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں 22 فیصد ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد کراچی میں 17.39 فیصد اور پشاور میں 16.02 فیصد رہی۔

این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 436 مریض تشویشناک حالت میں ہیں اور ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس کی دوسری لہر صحت کے سنگین چیلنجز کا باعث

اگر ملک میں صوبوں اور علاقوں میں مثبت شرح کی بات کی جائے تو اس میں بلوچستان 11.62 فیصد کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جس کے بعد سندھ میں 11.47 فیصد، خیبرپختونخوا میں 11.29 فیصد، آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، اسلام آباد میں 6.16 فیصد، پنجاب میں 4.42 فیصد اور گلگت بلتستان میں 2.68 فیصد ہے۔

صوبوں اور علاقوں کے حساب سے کورونا وائرس کے کیسز کی مثبت شرح اس طرح رہی۔

سندھ

کراچی: 17.39 فیصد

حیدرآباد: 10.36 فیصد

پنجاب

راولپنڈی: 11.26 فیصد

لاہور: 5.47 فیصد

فیصل آباد: 3.98 فیصد

ملتان: 1.82 فیصد

خیبرپختونخوا

پشاور: 16.02 فیصد

سوات: 4.64 فیصد

ایبٹ آباد: 1.59 فیصد

بلوچستان

کوئٹہ: 6.19 فیصد

اسلام آباد

اسلام آباد: 6.16 فیصد

آزاد جموں کشمیر

میرپور: 22 فیصد

مظفرآباد: 6.76 فیصد

گلگت بلتستان

گلگت: 6.67 فیصد

این سی او سی نے بتایا کہ ملک بھر میں کورونا کے 327 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جس میں صوبہ پنجاب کے شہروں میں لاہور میں 85، ملتان 45، راولپنڈی 20 اور فیصل آباد میں 4 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

اسی طرح این سی او سی کے مطابق صوبہ سندھ میں کراچی میں 82 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ حیدرآباد میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں پشاور میں 51 اور ایبٹ آباد میں کوئی مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر نہیں، مزید یہ کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: بروقت آکسیجن نہ ملنے پر کورونا وائرس کے 5 مریض جاں بحق

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کے 38 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں میرپور اور مظفرآباد میں ایک، ایک مریض وینٹی لیٹر پر ہے، مزید یہ کہ گلگت بلتستان میں بھی کوئی مریض وینٹی لیٹر موجود نہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 16ہزار 499 ہے جس میں سے 3 لاکھ 55 ہزار 12 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 8 ہزار 361 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار سے متعلق سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 41 ہزار 645 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3 ہزار 308 میں وائرس کی تشخیص ہوئی، اس کے علاوہ مزید 58 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 2 ہزار 483 افراد ایسے تھے جو شفایاب ہوئے، جس کے بعد مجموعی طور پر فعال کیسز 53 ہزار 126 ہوگئے۔

تبصرے (0) بند ہیں