کراچی: کشمیر کالونی میں گھر میں آتشزدگی سے 3 کم سن بہن بھائی جھلس کر جاں بحق

اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2020
علاقے کے عوام نے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے تاخیر سے پہنچنے پر غم و غصے کا اظہار کیا—تصویر: ڈان نیوز
علاقے کے عوام نے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے تاخیر سے پہنچنے پر غم و غصے کا اظہار کیا—تصویر: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے کشمیر کالونی کے ایک گھر میں آگ لگنے سے 3 کم سن بہن بھائی جھلس کر جاں بحق اور والدین سمیت دو بہنیں زخمی ہوگئیں۔

2 منزلہ عمارت کے گراؤنڈ فلور میں آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی البتہ پولیس نے ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ کا شبہ ظاہر کیا۔

اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) محمود آباد کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں 3 بچے فوری طور پر جھلس کر جاں بحق ہوئے۔

پولیس کے مطابق ان بچوں کی شناخت ایک سالہ سلمیٰ، 2 سالہ مومو اور 3 سالہ حمزہ کے نام سے ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ہجرت کالونی میں عمارت میں آتشزدگی، بچی سمیت 4 افراد جاں بحق

مذکورہ واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا آگ لگنے سے ان تینوں بچوں کے والدین فیاض اور سعیدہ بھی زخمی ہوئے جبکہ ان کی دیگر 2 بیٹیاں 2 سالہ نشا اور 3 سالہ ثانیہ بھی زخمی ہوئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب سامنے آنے والی تفصیلات سے معلوم ہوا کہ متاثرہ گھر کے مکین صبح سویرے اٹھے تھے اور انہوں نے آگ لگنے سے پہلے ناشتہ کا سامان بھی خریدا تھا، تاہم آتشزدگی سے گھر میں رکھی اشیا بھی جل کر راکھ بن گئیں۔

علاوہ ازیں چاروں زخمی سول ہسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج ہیں جبکہ علاقے کے عوام نے فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے تاخیر سے پہنچنے پر غم و غصے کا اظہار بھی کیا۔

فائر بریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کی تحقیقات کی جائیں گی، سعید غنی

ادھر صوبائی وزیر تعلیم و افرادی قوت سعید غنی بھی جائے وقوع پر پہنچے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایسا نہیں ہوا کہ گھر والے سو رہے ہوں اور آگ لگ گئی بلکہ جب یہ واقعہ ہوا تو وہ جاگ رہے تھے، تاہم زخمی بیان دینے کے قابل ہوں گے تو وہ زیادہ بہتر طور پر بتاسکیں گے کہ اصل میں ہوا کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے گیس کا معاملہ تھا لیکن حتمی طور پر یہ نہیں کہا جاسکتا کہ آگ گیس لیکج کی وجہ سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: نیو کراچی میں گھر میں سلنڈر دھماکا، ایک بچہ جاں بحق، 6 زخمی

انہوں نے تصدیق کی کہ فائربریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کی شکایت موصول ہوئی ہے جبکہ فائر اسٹیشن بھی قریب ہے، اگر اتنے قریب سے بھی وہ فوری طور پر نہیں پہچ پاتے ہیں تو اسے بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے گا۔

اس سے قبل 3 دسمبر کو نیو کراچی سیکٹر 5 ڈی میں دعا چوک کے قریب ایک مکان میں سلینڈر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں 12 ستمبر کو کراچی کے علاقے ہجرت کالونی میں ایک 3 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے ایک بچی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ماڈرن مُلا Dec 29, 2020 04:18pm
انتہائی افسوسناک خبر ہے۔ خُصوصاً ننھے مُنھے بچوں کا سُن کر اور بھی افسوس ہوا۔